جسمانی وزن میں کمی کا بہترین طریقہ ؟

17 جنوری 2017
یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— کریٹیو کامنز فوٹو
یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— کریٹیو کامنز فوٹو

موٹاپے سے پریشان ہیں اور اس سے نجات پانا چاہتے ہیں ؟ تو سخت ورزش کی جگہ یہ آسان چیز اپنانا مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

باتھ یونیورسٹی کی تحقیق میں اضافی جسمانی وزن کو آسانی سے گھلانے کا نسخہ بتایا گیا ہے۔

تحقیق کے مطابق موٹاپے کے شکار افراد کو جم جاکر سخت ورزش کرنے کی ضرورت نہیں، بس معمولی اور ہلکی ورزش بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سخت ورزش موٹاپے میں کمی لانے کی کوشش کرنے والے افراد کی زیادہ چربی گھلانے میں مددگار ثابت نہیں ہوتی۔

اس تحقیق کے دوران 38 موٹاپے کے شکار مرد اور خواتین کو ہفتے میں پانچ بار ورزش کا کہا گیا جبکہ خوراک کی مقدار میں بھی کمی لانے کی ہدایت کی گئی۔

ان میں سے نصف کو سخت ورزش جبکہ دیگر کو تیز چہل قدمی جیسی آسانی جسمانی سرگرمی کا کہا گیا۔

تین ہفتوں کے بعد جب جائزہ لیا گیا تو نتائج سے معلوم ہوا کہ دونوں گروپس کے جسمانی وزن میں یکساں کمی آئی ہے جبکہ انسولین کی حساسیت اور میٹابولزم میں بہتری بھی دونوں میں دیکھنے میں آئی۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہلکی ہو یا سخت ورزش، جسمانی وزن میں کمی کے حوالے سے ان کا اثر یکساں ہوتا ہے، تاہم اس کے لیے غذائی مقدار میں کمی لانا ضروری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں