پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات 19 جنوری کو لاہور سے فیصل آباد ریلی نکالنے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بلاول نے کہا کہ ’پیپلز پارٹی لاہور تا فیصل آباد ریلی نکالے گی‘۔

بلاول نے یہ بھی لکھا کہ ’مُک گیا تیرا شو نواز، گو نواز، گو نواز‘۔

ریلی میں آصف زرداری شریک نہیں ہوں گے کیوں کہ وہ دبئی میں موجود ہیں جہاں کچھ دن قیام کے بعد وہ امریکا روانہ ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ بلاول نے 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی ریلیوں کے ذریعے گراس روٹ مہم کا آغاز کرے گی۔

بلاول اور ان کے والد سابق صدر آصف زرداری نے 27 دسمبر کو ہی الیکشن میں حصہ لے کر موجودہ پارلیمنٹ کا حصہ بننے کا بھی اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول کا الیکشن لڑنے کا اعلان

اس کے بعد 8 جنوری کو بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے تھے جس میں آصف علی زرداری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز(پی پی پی- پی) کے صدر اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین منتخب ہوگئے تھے۔

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابات آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی تیاریوں کا حصہ تھے۔

الیکشن کمیشن یہ واضح کرچکی ہے کہ جس سیاسی جماعت کے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہوں گے اس کا سربراہ انتخابات میں حصہ لینے کا اہل نہیں ہوگا۔

آصف علی زرداری نے 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ وہ اور بلاول انتخابات میں حصہ لے کر موجودہ پارلیمنٹ کا حصہ بنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرا پارٹی الیکشن، زرداری اور بلاول عہدوں پر برقرار

سابق صدر نے انکشاف کیا تھا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 204 (لاڑکانہ) سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی محمد ایاز سومرو اور قومی اسمبلی کے حلقہ 213 (نوابشاہ) سے منتخب ہونے والی رکن اسمبلی ڈاکٹر عذرا افضال وقت آنے پر قومی اسمبلی کے اسپیکر کو اپنا استعفیٰ پیش کردیں گی جن پر بعد میں آصف علی زرداری اور ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں موجود سیاسی جماعتوں کی فہرست کے مطابق آصف علی زرداری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز (پی پی پی پی) کے صدر ہیں اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔

2013 کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کو 'تیر' کا انتخابی نشان اور پی پی پی کو 'تلوار' کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا تھا۔

اب ان دونوں رہنماؤں کو اپنی متعلقہ پارٹیز اور ان کو الاٹ کیے گئے انتخابی نشانوں کے مطابق ہی ضمنی الیکشن میں حصہ لینا ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں