آسٹریلین اوپن:عالمی نمبر1کھلاڑیوں کی فتوحات جاری

18 جنوری 2017
اینڈی مرے اور اینجلیق کربر نے آسٹریلین اوپن کے تیسرے مرحلے میں جگہ بنائی—فوٹو: اے ایف پی
اینڈی مرے اور اینجلیق کربر نے آسٹریلین اوپن کے تیسرے مرحلے میں جگہ بنائی—فوٹو: اے ایف پی

عالمی نمبرایک ٹینس اسٹار اینڈی مرے اور اینجلیق کربر نے آسٹریلین اوپن کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کے ساتھ ہی تیسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

میلبرن میں جاری آسٹریلین اوپن کے تیسرے روز مردوں اور خواتین سنگلز کے دوسرے مرحلے کے مقابلے ہوئے جہاں تمام مشہور کھلاڑیوں نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

برطانیہ کے اینڈی مرے نے روسی کھلاڑی آندرے روبلیوف کو 6-3، 6-0 اور 6-2 سے زیر کرکے تیسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔

سابق عالمی نمبر ایک روجرفیڈرر نے امریکا کے غیرمعروف نواروبن کو 7-5،6-3 اور7-6 سے شکست دی، جاپانی کھلاڑی کائی نیشیکوری نے فرانسیسی کھلاڑی جیریمی شارڈی کو 6-3،6-4 اور6-3 ، جمہوریہ چیک کے کھلاڑی ٹوماس بریڈیچ نے امریکا کے ریان ہیریسن کو 6-3، 7-6 اور 8-2 سے جبکہ سربیا کے وکٹرٹرائیسکی نے اطالوی کھلاڑی پاؤلو لورینزو کو شکست دے دی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین اوپن:جوکووچ، سرینا کا کامیابی کے ساتھ آغاز

گزشتہ روز کھیلے گئے مقابلوں میں نواک جوکووچ اور خواتین کی سابق عالمی نمبرایک سرینا ولیمز نے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کے کوالیفائی کرلیا تھا۔

دوسری جانب خواتین کے مقابلوں میں جرمنی کی عالمی نمبرایک کھلاڑی اینجلیق کربر کا ہم وطن کرینا ویتھیوفٹ سے سخت مقابلہ ہوا جہاں دوسرے سیٹ میں عالمی نمبرایک کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا تاہم آخری سیٹ میں انھوں نے اپنی برتری کو ثابت کردی۔

یہ بھی پڑھیں: مرے، کربر کا آسٹریلین اوپن میں فاتحانہ آغاز

اینجلیق کربر نے حریف کھلاڑی سے 6-2، 6-7 اور6-2 کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی سمیٹ کر تیسرے مرحلے میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

امریکا کی تجربہ کار کھلاڑی وینس ولیمز نے سوئس کھلاڑی اسٹیفنی ویوگل کو 6-3 اور 6-2 سے شکست دے دی۔

تبصرے (0) بند ہیں