آسٹریلیا کی پاکستان کو شکست،سیریز میں برتری

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2017
اسٹیو اسمتھ نے دوبلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا—فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا
اسٹیو اسمتھ نے دوبلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا—فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں کپتان اسٹیو اسمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کا آغاز کیا اور 9 اوورز تک 44 رنز بنا لیے تاہم جنید خان نے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلادی۔

ڈیوڈ وارنر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد عامر نے 9 رنز پر کھیلنے والے عثمان خواجہ کو محمد رضوان کے ہاتھوں آؤٹ کر کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلادی۔

جنید خان نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے بلے باز پیٹرہینڈزکومب کو مشکلات سے دوچار کردیا لیکن نو بال کے باعث ان کی ہاتھ آئی وکٹ سے محروم ہوگئے جبکہ محمد نواز نے ہینڈزکومب کو جنید کی گیند پر کیچ گرا کر ایک اور موقع دے دیا جس کا انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

کپتان اسمتھ اور ہینڈز کومب نے تیسری وکٹ میں 183 رنز کی شراکت قائم کی اور ہینڈز کومب 228 کے اسکور پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔

اسمتھ نے قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے کیریئر کی آٹھویں سنچری مکمل کی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا۔

آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 45 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

اسمتھ 108 اور ٹریوس ہیڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان، محمد عامر اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

بابراعظم اپنے 21 ویں میچ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد 84 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے—فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا
بابراعظم اپنے 21 ویں میچ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد 84 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے—فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا

قبل ازیں آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابراعظم اور شرجیل خان کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا لیے۔

شرجیل خان نے 47 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی—فوٹو: اے ایف پی
شرجیل خان نے 47 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی—فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار نظر آئی جب ٹیم کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم دوسری وکٹ میں شرجیل خان اور بابراعظم نے 49 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 85 رنز پر گری جب شرجیل خان نصف سنچری مکمل کرکے پندرہویں اوور کی آخری گیند پر ٹریوس ہیڈ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

جس کے بعد اسد شفیق بھی ٹریوس ہیڈ کا شکار بنے اور انھوں نے 99 کے مجموعے پر پویلین کی راہ لی, 30ویں اوور کی تیسری گیند پر 39 رنز بنا کر شعیب ملک بھی آؤٹ ہوگئے۔

بابراعظم نے ون ڈے میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا، انہوں نے یہ ریکارڈ اپنے 21ویں میچ میں قائم کیا۔

نوجوان بلے باز 84 رنزبنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پیٹرہینڈزکومب کا کیچ بنے، کومب نے بابر اعظم کا ایک مشکل کیچ تھاما جس کے حتمی فیصلے کے لیے ٹی وی امپائر سے رجوع کیا گیا۔

عمراکمل نے بابراعظم کا ساتھ بخوبی نبھایا لیکن ایک مرتبہ پھر خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عماد وسیم 8 رنز بنا کر کھیل رہے تھے تو ان کا ساتھ دینے کے لیے محمد رضوان میدان میں اترے لیکن عماد وسیم جلد ہی صرف 9 رنز کا اضافہ کرکے پیٹ کمنز کا نشانہ بنے لیکن محمد رضوان اور محمد عامر نے آخر تک سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو ایک آسان ہدف دے دیا۔

محمد رضوان 19 گیندوں پر 14 اور محمد عامر 6 گیندوں پر 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے سب سے زیادہ 3اور ٹریوس ہیڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرے ون ڈے میں آسٹریلوی ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک کو آرام دے کر ان کی جگہ بلی اسٹین لیک کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، ساتھ ہی بلے باز پیٹرہینڈزکومب کو زخمی کرس لین کی جگہ حتمی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو اپنی گردن میں ہونے والی انجری کی سبب سیریز کے باقی میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔

تیسرے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

آسٹریلیا:اسٹیو اسمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، پیٹرہینڈزکومب، ٹریوس ہیڈ، گلین میکسیویل، میتھیو ویڈ، جیمز فلکنر، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، بلی اسٹین لیک۔

پاکستان:محمد حفیظ (کپتان)، شرجیل خان، بابر اعظم، اسد شفیق، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر، حسن علی، جنید خان۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے سیریز کے پہلے میچ میں 92 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پاکستان نے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے میزبان ٹیم کو زیر کرکے سیریز کو 1-1 سے برابر کردیا تھا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 22 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا جہاں جیت کی صوت میں میزبان ٹیم سیریز بھی اپنے نام کرے گی جبکہ پاکستانی ٹیم سیریز کو برابر کرنے کی کوشش کرے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں