شیخوپورہ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کہتے ہیں کہ ملک ترقی کررہا ہے، ترقی ملک میں نہیں ہورہی صرف ٹی وی اسکرین کے اشتہاروں میں ترقی ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے اقتدار کے خاتمے کے لیے بلاول بھٹو زرداری نے لاہور سے فیصل آباد تک حکومت مخالف ریلی کا آغاز شیخوپورہ سے کیا۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کسی ملک میں ترقی اُس وقت ہوتی ہے جب ملک کی برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے مگر شریفوں کی حکومت میں برآمدات کم ہوگئی ہیں۔

عوامی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے پیپلز پارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ گیس ہے اور نہ ہی بجلی، جس کی وجہ سے صنعتیں بند ہورہی ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے اپنے والد آصف علی زرداری کے دور صدارت میں شروع ہونے والے پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس منصوبے پر عمل کرلیا جاتا تو گیس کے بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول کا الیکشن لڑنے کا اعلان

بلاول کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی، لوگوں کو روزگار دینا اور ملک سے غربت ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، مگر یہ حکومت کسان دشمن اور مزدور دشمن حکومت ہے اور ان کا مقصد غربت مٹانا نہیں بلکہ غریب مٹانا ہے۔

انہوں نے شیخوپورہ کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تختِ جاتی امراء کے اقتدار کا خاتمہ کرنا ہوگا اور ان کو بھگانا ہوگا ، اگر عوام ان کا ساتھ دیتے ہیں تو وہ ان حکمرانوں کو بھگادیں گے۔

بلاول کا مزید کہنا تھا کہ جس ملک میں روزگار کے ذرائع محدود ہوں، نوجوان ڈگری لے کر دربدر پھرتے ہوں وہاں ترقی نہیں ہوسکتی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے مطابق لاہور تا فیصل آباد ہونے والی اس ریلی میں بلاول بھٹو زرداری شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور شاہ کوٹ میں ریلی کے شرکاء سے مختصر خطاب کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کی یہ ریلی پنجاب میں جماعت کی تنظیم نو اور اور پارٹی کارکنان کا مورال بہتر بنانے کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیوں کو لاہور منتقل کرنے اور پنجاب میں جیالوں کو فعال کرنے کے لیے بلاول ہاؤس لاہور کو اپنا بیس کیمپ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بے نظیر کی برسی، بلاول اور زرداری 3 سال بعد ایک ساتھ شریک

یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ ماہ دسمبر میں سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے تین سال بعد ریلی میں ساتھ شرکت کے دوران ضمنی انتخابات لڑ کر پارلیمنٹ کا حصہ بننے کے ارادے کا اعلان کیا تھا۔

بلاول پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے دو 'تلواروں' کے انتخابی نشان کے ساتھ انتخابات لڑیں گے جبکہ آصف علی زرداری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے بینر تلے 'تیر' کے نشان سے انتخاب میں شریک ہوں گے۔

دسمبر میں ہونے والی ریلی میں بلاول نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک نئی شکل میں پیش کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا تھا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ہمیں پی پی پی کو نئے انداز میں پیش کرنا ہوگا تاکہ موجودہ چیلنجز کا سامنا کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی نسبت بینظیر کے نظریئے کی موجودہ صورتحال میں زیادہ ضرورت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں