ویسے تو بولی وڈ کے اداکار اپنی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مقام حاصل کرنے کے ساتھ ہولی وڈ میں بھی اپنے قدم جمانے کی کوششوں میں مصروف رہتے ہیں، تاہم بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹشنسٹ عامر خان کو ہولی وڈ جاکر کام کرنے میں دلچسپی نہیں۔

پریانکا چوپڑا نے ہولی وڈ میں اپنا دوسرا پیپلز چوائس ایوارڈ حاصل کیا جبکہ دپیکا پڈوکون کی پہلی ہولی وڈ فلم بھی جلد دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی ہے، تاہم این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 51 سالہ عامر خان ہولی وڈ میں کسی کامیابی کی امید میں فلموں کی تلاش نہیں کررہے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ 'مجھے امریکا جاکر وہاں کام کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، میں ہندوستانی فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں، میرا یہاں کے ناظرین سے 25 سے 26 سالوں کا رشتہ ہے'۔

واضح رہے کہ عامر خان کی آخری ریلیز فلم 'دنگل' نے اب تک 370 کروڑ ہندوستانی روپے کما لیے ہیں، یہ 2016 کی سب سے کامیاب فلم کے طور پر سامنے آئی۔

عامر خان نے دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کے ہولی وڈ جاکر کام کرنے کے فیصلے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ 'اس کا یہ مطلب نہیں کہ دنیا کے ناظرین کو انٹرٹین نہیں کیا جاسکتا، میں کوشش کروں گا کہ انٹرنیشنل فلموں میں کام کروں پھر چاہے مجھے جاپان سے بھی کسی اچھی فلم کی آفر ملی جس کی کہانی مجھے پسند آئے، میں اس میں ضرور کام کروں گا، تاہم صرف ہولی وڈ کو اپنی منزل بنانا میری ترجیح نہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں