بل گیٹس کا جلد پاکستان آنے کا عندیہ

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2017
بل گیٹس وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے — فوٹو بشکریہ وزیراعظم آفیشل فیس بک پیج
بل گیٹس وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے — فوٹو بشکریہ وزیراعظم آفیشل فیس بک پیج

دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے جلد پاکستان آنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔

بل گیٹس نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے دوران وزیراعظم نواز شریف سے غیر رسمی ملاقات کے دوران اس بات کا عندیہ دیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے آفیشل فیس بک پیج پر جاری بیان کے مطابق جمعرات کو بل گیٹس نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اور اب تک حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پولیو وائرس کے خاتمے کے حوالے سے گزشتہ 3 سال کے دوران بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 2017 تک پاکستان سے پولیو ختم ہوجائے گا، بل گیٹس

انہوں نے کہا کہ 2017 پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا سال ثابت ہوگا اور وہ آنے والے مہینوں میں پاکستان آنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے بل گیٹس کو پولیو کے خلاف حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق کے ساتھ تمام صوبائی حکومتیں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان مل کر پولیو کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام تر وسائل کو پولیو سے پاک پاکستان کے حصول اور مستقبل کی صحت مند نسل کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

اگرچہ یہ کہا جاتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان وہ 2 ممالک ہیں جہاں یہ بیماری ابھی تک موجود ہے، تاہم دنیا میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیم کے اعداد و شمار کے مطابق ابھی تک 8 ممالک ایسے موجود ہیں جو اس وائرس کے خطرے سے دوچار ہیں، جن میں کیمرون، جنوبی سوڈان اور شام بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف سے ای کامرس کمپنی علی بابا کے چیئرمین جیک ما نے بھی ملاقات کی تھی جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں : چینی کمپنی علی بابا پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے نے بہترین مواقع فراہم کیے ہیں۔ پاکستان میں ای کامرس پلیٹ فارم کی تشکیل کے حوالے سے سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں