دفاعی چمپیئن جوکووچ آسٹریلین اوپن سے باہر

19 جنوری 2017
جوکووچ کو 4 گھنٹے 48 منٹ کے مقابلے کے بعد شکست کاسامنا کرنا پڑا—فوٹو: اے ایف پی
جوکووچ کو 4 گھنٹے 48 منٹ کے مقابلے کے بعد شکست کاسامنا کرنا پڑا—فوٹو: اے ایف پی

دفاعی چمپیئن نواک جوکووچ کو آسٹریلین اوپن 2017 کے دوسرے مرحلے میں ازبکستان کے عالمی 117 کھلاڑی ڈینس ایسٹومین نے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

میلبرن میں جاری آسٹریلین اوپن کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوا جہاں عالمی نمبر 117 کھلاڑی نے 6 مرتبہ آسٹریلین اوپن حاصل کرنے والے جوکووچ کو ہرا دیا۔

جوکووچ نے پہلے سیٹ میں ڈینس کو زیر کرلیا لیکن اس کے بعد غیر معروف کھلاڑی کھیل پر چھائے رہے۔

ڈینس نے چار گھنٹے 48 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں جوکووچ کو 6-7، 7-5، 6-2، 6-7 اور 6-4 سے شکست دے دی۔

جوکووچ کی شکست ساتھ ہی عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کو سال کے پہلے گرینڈ سلیم میں کامیابی کے لیے راستہ صاف ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں قطراوپن کے فائنل میں جوکووچ نے اینڈی مرے کو شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلین اوپن:جوکووچ، سرینا کا کامیابی کے ساتھ آغاز

ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا دوسرا اپ سیٹ ٹورنامنٹ کی سرفہرست دوسری کھلاڑی پولینڈ کی آگنیسکا راڈونکا کو کروشیا کی میرجانا کے ہاتھوں شکست سے ہوا۔

کروشین کھلاڑی نے راڈوانسکا کو 6-3 اور6-2 سے باآسانی شکست دے کر تیسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔

خواتین کے دیگر مقابلوں میں ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی نے کروشین کھلاڑی ڈونا ویکک کو 6-1،6-3 سے شکست دی جبکہ فرانس کی کیرولین گارشیا نے ہم وطن اوسینے ڈوڈن کو زیر کر اگلے مرحلے میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین اوپن:عالمی نمبر1کھلاڑیوں کی فتوحات جاری

جمہوریہ چیک کی خاتون کھلاڑی کیرولینا نے روس کی آنا بلینکووا کو 6-0 اور6-2 سے شکست دے دی۔

مردوں کے مقابلوں میں سابق عالمی نمبر رافیل نڈال، قبرص کے کھلاڑی مارکوس باجداتیس کو 6-3،6-1 اور 6-3 سے آسانی سے شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے تیسرے مرحلے میں داخل ہوگئے۔

رافیل نڈال تیسرے مرحلے میں جرمنی کے 19 سالہ ٹینس اسٹار الیگزینڈر زیوروف سے مدمقابل ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں