بھارتی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی انگلینڈ کو شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

بھارت کے شہر کٹک میں کھیلنے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہندر سنگھ دھونی اور یووراج سنگھ کی سنچریوں کی بدولت 382 رنز کا ہدف دیا۔

دھونی اور یووراج نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 256 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، یووراج سنگھ نے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 150 رنز بنائے جبکہ دھونی نے 134 رنز اسکور کیے۔

جواب میں انگلینڈ نے بھی بھرپور آغاز کیا، اوپنر جیسن رائے اور ون ڈاؤن پر آنے والے جو روٹ نے دوسری وکٹ پر 100 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

اس کے بعد کپتان اوئن مورگن نے بھارتی بولرز کے چھکے چھڑانے شروع کردیے اور اس موقع پر تماشائیوں کو سانپ سونگھ گیا۔

ابتداء میں ناممکن نظر آنے والا 382 رنز کا ہدف انگلینڈ کی پہنچ میں نظر آنے لگا تھا، آخری تین اوورز میں انگلینڈ کو جیت کے لیے محض 46 رنز درکار تھے اور اوئن مورگن 102 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

لیکن اس موقع پر اوئن مورگن رن آؤٹ ہوگئے اور میچ کا نتیجہ بھارت کے حق میں چلا گیا۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنائے اور اسے صرف 15 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں بھی بھارت نے انگلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی اور اس میچ میں ویرات کوہلی نے 122 اور کیدر یادیو نے 120 رنز بنائے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ اتوار کو کولکتہ میں ہوگا جس کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شروع ہوگی۔


تبصرے (0) بند ہیں