ایک عام عادت جو جلد بوڑھا بنادے

19 جنوری 2017
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— کریٹیو کامنز فوٹو
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— کریٹیو کامنز فوٹو

اگر تو آپ قبل از وقت یا جلد بڑھاپے سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو اپنی ایک بہت عام مگر انتہائی نقصان دہ عادت کو ترک کردیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر میں بہت زیادہ بیٹھنا آپ کو قبل از وقت بڑھاپے کا شکار بنا دیتا ہے۔

یہ پہلے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا متعدد امراض جیسے موٹاپے، امراض قلب، ذیابیطس، کینسر یہاں تک کہ قبل از وقت موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

مگر یہ پہلی بار سامنے آیا ہے کہ زیادہ دیر تک بیٹھنا انسانی جسم کی عمر پر بھی منفی انداز سے اثرات مرتب کرتا ہے۔

تحقیق کے دوران ڈیڑھ ہزار معمر خواتین کے خون کے نمونے لیے گئے اور ان کے ٹیلومیئرز (ڈی این اے کے کروموسوم کا مرکز) کا جائزہ لیا تاکہ جانا جاسکے کہ خلیات کتنی عمر کے ہوچکے ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو خواتین اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کی عادی ہوتی ہیں ان کی جسمانی عمر 50 سے 60 سال کی عمر میں ہی 80 سال کی خاتون کے برابر ہوچکا ہے۔

تحقیق کے مطابق دن بھر میں دس گھنٹے یا اس سے زائد وقت تک بیٹھنا ٹیلومیئرز کی لمبائی کم کرتا ہے اور جسمانی عمر تیزی سے بڑھنے لگتی ہے۔

آسان الفاظ میں اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا آپ کو برسوں پہلے بوڑھا کرسکتا ہے، اس کے مقابلے میں دن میں کم از کم ایک سے دو گھنٹے تک جسمانی طور پر سرگرم رہنا اس خطرہ کو ٹالتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ تو واضح نہیں کہ کتنی جسمانی سرگرمی بیٹھنے کے اثرات کو زائل کرنے میں مدد دیتی ہے مگر یہ واضح ہے کہ وہ ایک سے دو گھنٹے سے کم نہیں ہونی چاہئے۔

یہ تحقیق طبی جریدے امریکن جرنل آف ایپیڈیمیولوجی میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں