دپیکا کے امریکی میزبان کا 'لنگی ڈانس'

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2017
دپیکا پڈوکون، جیمز کارڈن  (درمیان) اور ون ڈیزل (دائیں) کے ہمراہ—۔فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر
دپیکا پڈوکون، جیمز کارڈن (درمیان) اور ون ڈیزل (دائیں) کے ہمراہ—۔فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر

ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون دنیا کے کسی بھی کونے میں چلی جائیں، ان کا مقبول گانا 'لنگی ڈانس 'ان کا پیچھا نہیں چھوڑے گا۔

دپیکا پڈوکون اس وقت امریکا میں اپنی ہولی وڈ ڈیبیو فلم 'ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج' کی تشہیر میں مصروف ہیں اور ساتھ ہی وہ امریکا میں بولی وڈ کو بھی متعارف کروا رہی ہیں۔

دپیکا پڈوکون اپنے ساتھی اداکار ون ڈیزل کے ساتھ امریکی پروگرام 'دی لیٹ لیٹ شو' میں جلوہ گر ہوئیں۔

اس دوران شو کے میزبان جیمز کارڈن نے دپیکا سے فرمائش کی کہ وہ انہیں 'لنگی ڈانس' سکھائیں۔

خیال رہے کہ 'لنگی ڈانس' دپیکا پڈوکون کی کامیاب بولی وڈ فلم 'چنائے ایکسپریس' کا ایک گانا تھا، جس میں شاہ رخ اور دپیکا نے لنگی پہن کر ڈانس کیا تھا۔

دپیکا پڈوکون اور جیمز کارڈن نے بھی اس شو میں لنگی پہن کر ڈانس کرنے کی ایک کوشش کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دپیکا پڈوکون نے 2014 کے آئیفا ایوارڈز میں ہولی وڈ اداکار کو لنگی ڈانس کروایا تھا اور حال ہی میں ہندوستان میں اپنی فلم 'ٹرپل ایکس' کی تشہیر کے دوران بھی دپیکا نے ون ڈیزل کو لنگی باندھی تھی۔

ہولی وڈ فلم 'ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج' میں دپیکا پڈوکون نے سرینا انگر نامی شکاری عورت کا کردار ادا کیا ہے، اس فلم میں اداکارہ کئی شاندار ایکشن سینز کرتی نظر آئیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں