کرائسٹ چرچ: بنگلہ دیش 289 رنز پر آؤٹ

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2017
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلے روز ہی آؤٹ ہوگئی—فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلے روز ہی آؤٹ ہوگئی—فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کی ٹیم, نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

تمیم اقبال ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کےبعد مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ محموداللہ کی صورت میں 38 رنز پر گری جب وہ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

مشفق الرحیم کی عدم موجودگی میں تجربہ کار بلے باز تمیم اقبال ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: مشفق سر پر گیند لگنے سے زمین پر ڈھیر

تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیم کے لیے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے سومیا سرکار کے ساتھ مل کر 127 رنز کا اضافہ کیا اس دوران سومیا نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

سومیا سرکار آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جو 86 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے۔

مشفق الرحیم کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری ادا کرنے والے نورالحسن نے 47 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی جبکہ شکیب الحسن 59 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کی بنگلہ دیش کے خلاف ڈرامائی فتح
ٹم ساؤتھی نے 5 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی
ٹم ساؤتھی نے 5 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز مکمل کرتے ہوئے پوری ٹیم 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلر ٹیم ساؤتھی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو بڑا اسکور ترتیب دینے سے دور رکھا۔

ٹم ساؤتھی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹرینٹ بولٹ نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو سیریز کے پہلے میچ میں ڈرامائی شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں