واشنگٹن: سابق صدر آصف علی زرداری نے امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت کا حلف لینے سے قبل ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی کے مطابق اس موقع پر سابق صدر کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر رحمٰن ملک اور شیری رحمٰن بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وہ واشنگٹن میں موجود ہونے اور اقتدار کو منتقل ہوتا دیکھنے پر خوشی محسوس کررہے ہیں۔

سابق صدر کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد ان لمحات میں شریک ہونے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔

مزید پڑھیں: زرداری دبئی روانہ، ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا امکان

تقریباً 18 ماہ کی خودساختہ جلاوطنی کاٹ کر گذشتہ ماہ وطن واپس آنے والے سابق صدر اس تقریب میں شرکت کے لیے 20 جنوری سے قبل ہی امریکا روانہ ہوگئے تھے، ذرائع نے امریکا میں قیام کے دوران آصف زرداری کے طبی معائنے کا امکان بھی ظاہر کیا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ہیلری کلنٹن کو شکست دے کر منتخب ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج یعنی 20 جنوری کو امریکا کے 45ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

حلف برداری سے قبل ہونے والی اس تقریب میں امریکی سینیٹرز، کانگریس کے نمائندگان اور رپبلکن ارکان سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

irfan Jan 21, 2017 05:16am
اچھے غلام اپنے آقا کی ہر چیز میں شامل ہوتے ہیں!!!!