اظہرعلی ٹیم کی قیادت کے لیے فٹ

20 جنوری 2017
اظہرعلی ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
اظہرعلی ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر وسیم باری کا کہنا ہے کہ کپتان اظہرعلی فٹ ہوگئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف اگلے دونوں میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہرعلی 13 جنوری کو برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں انجری کا شکار ہوکر دومیچوں کے لیے ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔

تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کو اظہرکی جگہ قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا تھا جن کی قیادت میں ٹیم نے آسٹریلیا کو میلبرن میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم باری نے کہا کہ 'اظہر فٹ ہوگئے ہیں اور قومی امید ہے کہ آخری میچوں میں حصہ لیں گے اور ٹیم کی قیادت کریں گے'۔

مزید پڑھیں: کامیابی کیلئے غلطیوں کی گنجائش نہیں:آرتھر

وسیم باری نے کہا کہ 'قومی ٹیم آج سڈنی پہنچے گی اور کل پریکٹس کرے گی اور پریکٹس کے دوران اظہر کی فٹنس کو دیکھا جائے گا'۔

دوسری جانب ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی اظہر علی کی ٹیم میں واپسی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'وہ اچھی پریکٹس کررہے ہیں اور رننگ میں بھی بہتر ہیں جبکہ فیلڈنگ میں بھی ٹھیک ہوگئے ہیں اس لیے ہم اتوار کو ہونے والے میچ میں ان کی واپسی کے لیے پرامید ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ان کے آنے سے ہماری ٹیم کو بڑا سہارا ملے گا اور ہماری بلے بازی کو بھی مضبوطی میں مدد ملے گی اور میں ان کی واپسی کے لیے پراعتماد ہوں'۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کی پاکستان کو شکست،سیریز میں برتری

آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جبکہ ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں 92 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم پاکستان نے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔

پرتھ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے کپتان اسمتھ کی شاندار کارکردگی کی بدولت میچ میں 7 وکٹوں سے مہمان ٹیم کو زیر کرکے سیریز میں 2-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

سیریز کا چوتھا میچ 22 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں