انگلینڈ کی ٹیم کو سلوراوور ریٹ پر جرمانہ

20 جنوری 2017
انگلینڈ کو دوسرے میچ میں 15 رنز سے شکست ہوئی جس کے بعد سیریز بھی انڈیا نے جیت لی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کو دوسرے میچ میں 15 رنز سے شکست ہوئی جس کے بعد سیریز بھی انڈیا نے جیت لی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کو انڈیا کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں سلواوور ریٹ پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

انڈیا نے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 15 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

میچ ریفری اینڈی پیکروفٹ نے انگلش ٹیم کے کپتان آئن مورگن اور کھلاڑیوں پر ایک اوور دیر کرنے پر جرمانہ عائد کردیا۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کھلاڑیوں پر میچ فیس کا دس فی صد اور کپتان پر میچ فیس کا 20 فی صد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اس میچ میں انڈیا نے یووراج سنگھ اور سابق کپتان مہندراسنگھ دھونی کی شاندار سنچریوں کی مدد سے 381 رنز بنائے تھے لیکن انگلینڈ نے کپتان مورگن کی قائدانہ اننگز کی بدولت زبردست مقابلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنائے تھے۔

انڈیا نے 15 رنز سے کامیابی کے ساتھ ہی تین میچوں کی ایک روزہ سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت نے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیت لی

انگلش کپتان مورگن نے ان پر میچ فیس کا 20 فی صد اور کھلاڑیوں پر 10 فی صد جرمانے کا عتراف کیا ہے۔

آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق 'مورگن نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے عائد کردہ جرمانے کو قبول کیا ہے اسی لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں ہے'۔

انگلینڈ کی ٹیم انڈیا کے خلاف سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں 22 جنوری کو کولکتہ میں مدمقابل ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں