آسٹریلین اوپن:مرے، کربر چوتھے مرحلے میں داخل

20 جنوری 2017
اینڈی مرے نے تیسرے مرحلے میں امریکی کھلاڑی کو باآسانی شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی
اینڈی مرے نے تیسرے مرحلے میں امریکی کھلاڑی کو باآسانی شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلین اوپن 2017 کے تیسرے مرحلے میں عالمی نمبرایک اینڈی مرے، روجرفیڈرر اور خواتین کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی اینجلیق کربر نے فتوحات کے ساتھ چوتھے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

برطانیہ کے عالمی نمبرایک کھلاڑی اینڈی مرے نے امریکی کھلاڑی سیم کوئیرے کو 6-4، 6-2 اور6-4 سے شکست دے کر اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

اینڈی مرے کے سخت جان حریف نوواک جوکووچ کو گزشتہ روز ازبکستان کے ایک غیرمعروف کھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انھیں ٹائٹل کا مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔

عالمی نمبر ایک اسٹار کا چوتھے مرحلے میں جرمنی کے زیویریف سے مقابلہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: دفاعی چمپیئن جوکووچ آسٹریلین اوپن سے باہر

تیسرے مرحلے کے ایک اور میچ میں سوئٹزرلینڈ کے روجرفیڈرر نے جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کو 6-2، 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر ٹائٹل کے فائنل کا فاصلہ مختصر کرلیا۔

روجرفیڈرد چوتھے مرحلے میں نیشیکوری سے مقابلہ ہوگا—فوٹو: اے ایف پی
روجرفیڈرد چوتھے مرحلے میں نیشیکوری سے مقابلہ ہوگا—فوٹو: اے ایف پی

روجرفیڈرر کا چوتھے مرحلے میں مقابلہ جاپانی کائی نیشیکور سے ہوگا جنھوں نے تیسرے مرحلے میں سلوواکیہ کے کھلاڑی لوکاس لیکو کو 6-4، 6-4 اور6-4 سے شکست دے دی۔

2014 کے چمپیئن اسٹین واورینکا نے سربیا کے وکٹر ٹرائیسکی کو3-6، 6-2، 6-2 اور 7-6 سے شکست دے دی اور چوتھے مرحلے میں اٹلی کے آندریاس سیپی سے ان کا مقابلہ ہوگا۔

فرانسیسی کھلاڑی جو ولفریڈ ٹی سونگا نے امریکا کے جیک سوک کو 7-6، 7-5، 6-7 اور6-3 سے زیر کیا اور چوتھے مرحلے میں ان کا مقابلہ برطانیہ کے ڈیون ایوانز سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلین اوپن:عالمی نمبر1کھلاڑیوں کی فتوحات جاری
اینجلیق کربر نے جمہوریہ چیک کی کھلاڑی کیرولینا کو باآسانی زیر کیا—فوٹو: رائٹرز
اینجلیق کربر نے جمہوریہ چیک کی کھلاڑی کیرولینا کو باآسانی زیر کیا—فوٹو: رائٹرز

خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبرایک جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر نے جمہوریہ چیک کی کھلاڑی کیرولینا پلسکوا کو 6-0 اور6-4 کے ایک معمولی مقابلے کے بعد اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

روسی کھلاڑی سویٹلانا کوزنیٹسووا نے سربین خاتون اسٹار جیلینا جانکووچ کو 6-4، 5-7 اور9-7 کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زیر کرلیا اور اگلے مرحلے میں ان کا مقابلہ ہم وطن کھلاڑی سے ہوگا۔

سابق چمپئین امریکا کی وینس ولیمز نے چینی کھلاڑی دووان ینگیانگ کو 6-1 اور6-0 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

فرنچ اوپن چمپیئن ہسپانوی کھلاڑی گیبرین موگوروزو نے لٹووین کھلاڑی آناسٹاسیجا سیواسٹوا کو 6-4 اور 6-2 سے زیر کرکے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ رومانیہ کی سورانا کیرسٹیا سے ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں