گولڈ برگ کو چھیڑنا پڑسکتا ہے بھاری

20 جنوری 2017
بل گولڈ برگ — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
بل گولڈ برگ — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

بل گولڈ برگ مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہیں اور نومبر میں انہوں نے بروک لیسنر کو محض ڈیڑھ منٹ میں شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا مگر عام زندگی میں بھی ان کو تنگ کرنا کافی بھاری پڑسکتا ہے۔

جی ہاں ویسے تو گولڈ برگ ریسلر ہیں مگر انہیں گولف میں بھی دلچسپی ہے تاہم وہاں وہ زیادہ مشہور نہیں مگر جب کوئی تنگ کرے تو اسے کافی سخت سزا ملتی ہے۔

رائل رمبل 2017 میں اب ایک ہفتہ ہی باقی رہ گیا ہے اور اس موقع پر امریکا میں گولف ٹورنامنٹس کا انعقاد کرانے والے ادارے پی جی اے ٹور نے ایک ویڈیو شیئر کرکے سب کو یاد دلایا ہے کہ گولڈ برگ کو چھیڑنا کوئی اچھا خیال نہیں۔

جیسا آپ نیچے ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ ایک شخص گولڈ برگ کے پیٹ پر گھونسے برساتا ہے تو وہ اسے تالاب کے اندر پوری طاقت سے پھینک دیتے ہیں۔

گولڈ برگ کے اس ردعمل سے گولف کورس میں موجود دیگر کھلاڑی بھی ہل کر رہ گئے جبکہ ایک تو گھبراہٹ میں ریسلر کی اسٹک لے کر بھاگ کھڑا ہوا جس کے پیچھے وہ بھی بھاگتے نظر آئے۔

گولڈ برگ نے ریسلنگ سے جب پہلی دفعہ ریٹائرمنٹ لی تھی تو انہیں گولف کھیلنے سے دلچسپی ہوئی تھی اور یہ ویڈیو بھی ممکنہ طور پر اسی زمانے کی ہے۔

ریسلنگ میں بارہ سال واپسی کے بعد پچاس سال کی عمر میں بھی انہوں نے دنیا کو دکھایا کہ وہ اب بھی اپنے عروج کے عہد کی طرح فٹ اور کسی کو بھی شکست دینے کے لیے تیار ہیں۔

ریسلنگ کی دنیا میں تو یہ خبریں بھی گرم ہیں کہ اب بروک لیسنر اور گولڈ برگ ریسل مینیا 33 میں کسی ٹائٹل مقابلے ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتے ہیں۔

اس کا علم تو ریسل مینیا قریب آنے پر ہی ہوگا تاہم ابھی گولڈ برگ رائل رمبل مقابلے میں شرکت کرنے والے ہیں اور ٹائٹل جیتنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں