خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف مینیقن چیلنج

اپ ڈیٹ 21 جنوری 2017
فوٹو/ اسکرین گریب—۔
فوٹو/ اسکرین گریب—۔

کچھ زخم ایسے ہوتے ہیں جو بھر تو جاتے ہیں لیکن ان کے نشان کبھی نہیں جاتے، ہندوستان کے شہر بنگلور میں سال نو سے قبل رات میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کے واقعات اس کی سب سے بڑی مثال ہیں۔

اسی حوالے سے ہندوستان کی ایک اشتہاری ایجنسی آٹم ورلڈ وائیڈ نے ایک ویڈیو بنائی، جس کا نام 'ڈونٹ بی اے مینیقن' (#dontbeamannequin) رکھا گیا۔

اس ویڈیو میں نئے سال کے موقع پر بنگلور میں ہونے والے مذکورہ ہولناک واقعے کی منظر کشی کی گئی۔

مزید پڑھیں: ہندوستان: ’خواتین کو ہراساں کرنے کا کوئی ثبوت نہیں‘

اس ویڈیو کو اب تک 5 لاکھ 47 ہزار افراد دیکھ چکے ہیں، جس میں دکھایا گیا کہ سڑک پر موجود کئی لوگ اپنی جگہ کھڑے ہیں جبکہ دو نوجوان ایک لڑکی کو سب کے سامنے ہراساں کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ مینیقن چیلنج کے دوران لوگ اپنی جگہ پر اسی حالت میں جم جاتے ہیں اور تب تک نہیں ہلتے جب تک یہ چیلنج ختم نہ ہوجائے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس ایجنسی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) انوشا شیٹی کا کہنا تھا کہ 'یہ ویڈیو کسی ایک واقعے کے بارے میں نہیں، ہم نے اس میں بنگلور کے واقعے کو پیش ضرور کیا، لیکن ہم ہندوستان میں اس قسم کے تمام واقعات کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں، ایک دوسرے پر انگلی اٹھانا آسان ہے لیکن ہمیں اب ذمہ داری لینی چاہیئے'۔

یہ بھی پڑھیں: 'خواتین پر حملے کی وجہ مغربی لباس'

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ویڈیو کا اصل مقصد یہی ہے کہ اب ہندوستانی اپنے آپ کو مینیقن نہ سمجھیں۔

واضح رہے کہ بنگلور میں سال نو کے جشن کے موقع پر خواتین کو نشے میں دھت افراد کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے، جس کے بعد دنیا بھر کے افراد نے ان کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں