نڈال، سرینا آسٹریلین اوپن کے چوتھے مرحلے میں

21 جنوری 2017
رافیل نڈال چوتھے مرحلے میں فرانسیسی کھلاڑی مونفلز سے مدمقابل ہوں گے—فوٹو: اے ایف پی
رافیل نڈال چوتھے مرحلے میں فرانسیسی کھلاڑی مونفلز سے مدمقابل ہوں گے—فوٹو: اے ایف پی

سابق عالمی نمبر ایک اسپین کے رافیل نڈال، آسٹریلین اوپن 2017 کے چوتھے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور خواتین کے مقابلوں میں امریکا کی سرینا ولیمز نے بھی اپنے میچ میں کامیابی حاصل کی۔

آسٹریلین اوپن کے چھٹے روز تیسرے مرحلے کے مقابلے ہوئے جس میں ہسپانوی کھلاڑی رافیل نڈال نے جرمنی کے الیگزینڈر زیوریف کو 4-6، 6-3، 6-7، 6-3 اور 6-2 کے سخت مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

جرمن کھلاڑی نے نڈال کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آسان ترنوالہ ثابت نہیں ہوئے۔

نڈال اگلے مرحلے میں فرانسیسی کھلاڑی گائل مونفلز سے ٹکرائیں گے جنھوں نے جرمن کھلاڑی فلپ کوہلشریبر کو 6-3، 7-6 اور6-4 سے زیر کرکے ایونٹ کے چوتھے مرحلے میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

دیگر مقابلوں میں اسپین کے روبرٹو بوتستا نے ہم وطن ڈیوڈ فیرر کو 7-5، 6-7 اور7-6 سے ہرادیا، بیلجیم کے ڈیوڈ گوفن نے کروشیا کے آئیو کارلووک کو 6-3، 6-2 اور 6-4 سے زیر کیا۔

ازبکستان کے ڈینس ایسٹومن نے ہسپانوی کھلاڑی کو بھی شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی
ازبکستان کے ڈینس ایسٹومن نے ہسپانوی کھلاڑی کو بھی شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی

سربیا کے نوواک جوکووچ کو شکست سے دوچار کرنے والے ازبکستان کے ڈینس ایسٹومن نے اسپین کے پابلو کیروینو بستا کو 6-4، 4-6، 6-4، 4-6 اور6-2 کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کینیڈا کے میلوس راؤنک نے فرانس کے گیلس سیمون کو 6-2، 7-6، 3-6 اور6-3 سے شکست دے دی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین اوپن:مرے، کربر چوتھے مرحلے میں داخل

خواتین سنگلز کے مقابلوں میں سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے ہم وطن امریکی نیکول گبزکو 6-1 اور 6-3 سے شکست دے کر چوتھے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ جمہوریہ چیک کی باربورا اسڑیکووا سے ہوگا۔

باربورا اسڑیکووا نے فرانسیسی کھلاری کیرولین گارشیا کو 6-2 اور7-5 سے اسٹریٹ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا۔

واضح رہے کہ عالمی نمبر ایک اینڈی مرے، روجر فیڈرر اور خواتین کی عالمی نمبرایک اینجلیق کربر پہلے ہی چوتھے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔

دفاعی چمپئن نوواک جوکووچ کو ازبکستان سے تعلق رکھنے والے ایک غیرمعروف کھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں