پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 2017 کے ایڈیشن کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہو گیا ہے۔

بالآخر وہ شاہکار جس کا شائقین گزشتہ کئی ہفتوں سے انتظار کر رہے تھے اس اس کا متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایک رنگا رنگ تقریب کے ذریعے افتتاح ہو گیا۔

تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ذریعے کیا گیا جس نے اسٹیڈیم اور ٹی وی اسکرین پر میچ دیکھنے شائقین کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا۔

تقریب کے میزبان نامور اداکار فہد مصطفیٰ بھی عمدہ انداز میزبانی سے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو متحریک اور پرجوش رکھ رہے ہیں۔

قومی ترانے کے بعد سنوستا فلائنگ ڈرمرز نے فضا میں ڈھول بجانے کا عمدہ کرتب دکھا کر اسٹیڈیم میں سماں باندھ دیا جس پر شائقین نے انہیں دل کھول کر داد کی۔

اس کے بعد عمدہ پرفارمنس اور دلفریب گانوں کے ذریعے ملک کے چاروں صوبوں اور وفاق کی ثقافت کی مںظر کشی کی گئی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال کریں گے اور لاہور میں فائنل کرانے سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے 2017 کے ایڈیشن کے تمام ٹکٹ بک چکے ہیں اور مجھے امید ہے کہ شائقین کو ایونٹ میں بھرپور تفریح سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

چئرمین پی سی بی کے خطاب کے بعد ٹیموں کی میدان میں آمد کا سسلہ شروع ہوا جہاں سب سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ، پھر کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور سب سے آخر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کی میدان میں آمد ہوئی۔

اس کے بعد نجم سیٹھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پی ایس ایل گزشتہ پی ایس ایل سے ختلف یوں ہے کہ اس میں گزشتہ سال کی نسبت زیادہ بڑے اسٹارز شریک ہیں اور اس مرتبہ بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹیں بنائی ہیں جس سے میچوں میں چھکے چوکے لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ایونٹ کی خاص بات فائنل کے ذریعے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہے اور ہم اس کے بعد غیر ملکی ٹیموں کو بھی پاکستان میں بلائیں گے۔

چیئرمین پی ایس ایل نے کہا کہ ایونٹ کے دوران کیچ پکڑے والے شائقین کو بھی کروڑوں روہے کے انعامات دیے جائیں گے۔

نجم سیٹھی کے خطاب کے بعد تمام فرنچائز ٹیموں کے قائدین کو مدعو کیا گیا جن کے ساتھ ایک مرتبہ پھر ایونٹ کی شاندار ٹرافی کی تقریب رونمائی کی گئی۔

پانچوں ٹیموں کے قائدین نے بلے پر دستخط بھی کیے، دستخط شدہ بلے کی نیلامی کی جائے گی اور اس سے ھاصل ہونے والی آمدنی ایدھی فاؤنڈیشن میں عطیہ کی جائے گی۔

میدان میں عالمی شہرت پاپ اسٹار شیگی نے بھی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا اور دل کھول کر داد وصول کی جس کے بعد پاکستانی پاپ اسٹارز شہزاد رائے اور علی ظفر نے عمدہ پرفارمنس پیش کی۔

تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے آغاز کے ساتھ ہی سوچل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر اس کے چرچے جاری ہیں۔

پہلے سیزن کے عمدہ انعقاد کے بعد سب کو امید ہے کہ دوسرا ایونٹ کامیابی کے تمام تر ریکارڈ توڑ دے گا اور ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ آج دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں