پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے لوگوں کا ملا جلا رد عمل سامنے آیا تاہم زیادہ تر لوگوں نے تقریب کی تھیم کو سراہا اور پسند بھی کیا۔

پی ایس ایل 2 کی افتتاحی تقریب شروع ہونے سے قبل ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر شائقین کرکٹ نے جوش و ولولہ دکھانا شروع کردیا تھا۔

کچھ لوگوں نے افتتاحی تقریب کے تاخیر سے شروع ہونے کی شکایت کی تاہم جب تقریب شروع ہوئی تو وہ اپنے تمام گلے شکوے بھول گئے۔

کچھ لوگوں نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب دیکھتے ہوئے پڑوسی ملک بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر طنز بھی کیا اور آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور بولی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی کی تصویر کے ساتھ یہ تبصرہ کیا کہ 'جب آپ کو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں مدعو نہ کیا جائے تو ایسی حالت ہوجاتی ہے'۔

ایک صارف نے علی ظفر کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے لکھا کہ پی ایس ایل 2 کی افتتاحی تقریب دیکھ کر میرا بھی ایسے ہی ناچنے کو دل کررہا ہے۔

ایک صارف نے ایونٹ میں شریک یونس خان کے تصویر اپ لوڈ کی اور لکھا کہ 'ہمارے کچھ رشتے دار ایسے ہوتے ہیں جو ہر شادی میں ناراض ہی رہتے ہیں'۔

شائقین کرکٹ نے افتتاحی تقریب کے دوران بجنے والے قومی نغنے 'دل دل پاکستان' کو تقریب کا بہترین لمحہ قرار دیا اور لکھا کہ اس نے قومی جذبے کو عروج پر پہنچانے کے ساتھ ساتھ مرحوم جنید جمیشد کی یاد بھی تازہ کردی۔

ایک صارف نے لکھا کہ 'پی ایس ایل میں دل دل پاکستان بجنے کے بعد ٹوئیٹر پر جنید جمشید اور دل دل پاکستان ٹاپ ٹرینڈز کے قریب آگیا'۔

نوٹ: اس خبر کی ابتدائی ہیڈلائن 'افتتاحی تقریب دیکھ کر شاہ رخ اور کوہلی کا رد عمل' سے خبر کے مواد کے متعلق قارئین کو غلط تاثر ملا جس پر ادارہ معذرت خواہ ہے۔ اس غلطی کو اب درست کر دیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں