نازی دورکا ترانہ نشر کرنے پرامریکی ایسوسی ایشن کی معذرت

12 فروری 2017
جرمن کھلاڑی نے اس واقعے کو گستاخی قرار دیا—فوٹو: یو ایس ٹی اے ٹویٹر
جرمن کھلاڑی نے اس واقعے کو گستاخی قرار دیا—فوٹو: یو ایس ٹی اے ٹویٹر

یونائیٹڈ اسٹیٹس ٹینس ایسوسی ایشن (یو ایس ٹی اے) نے ریاست ہوائی میں ٹینس ٹورنامنٹ فیڈ کپ کے دوران نازی دور کا قومی ترانہ نشر کرنے پر جرمن ٹیم سے معافی مانگی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں جاری فیڈ کپ میں جرمن ٹیم کے میچ سے قبل قومی ترانہ پیش کرتےہوئے پہلے مصرعے میں غلطی سے متروک شدہ الفاظ 'جرمنی، جرمنی ایبو آل دی ایلس' دہرائے۔

اس غلطی کے باعث جرمن ٹیم کے اراکین اور مداح دلبرداشتہ ہوئے اور غصے کا اظہار کیا۔

یو ایس ٹی اے نے اپنے بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 'متروک شدہ قومی ترانہ چلانے پر جرمنی کی فیڈ کپ ٹیم سے مخلصانہ طور پر معذرت کرتے ہیں'۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 'یہ غلطی دوبارہ سرذد نہیں ہوگی'۔

خیال رہے کہ دیوار برلن کے انہدام اور 1990 میں جرمنی کے دوبارہ ایک ہونے کے بعد ان الفاظ کو سرکاری سطح پر قومی ترانہ سے ہٹادیا گیا تھا جبکہ یہ الفاظ 1920 میں جرمنی کے سرکاری قومی ترانہ کا حصہ تھے۔

مذکورہ میچ میں جرمنی کی ایندریا پیٹکووک اور امریکا کی الیسن ریسکے مدمقابل تھیں جس کے لیے قومی ترانے کے لیے اسٹیج سجادیا گیا تھا۔

پیٹوکووک نے کہا کہ 'یہ مکمل طور پرانتہا درجے کی گستاخی اور توہین تھی جو میرے لیے پیش آنے والا بدترین واقعہ ہے بالخصوص فیڈ کپ میں'۔

جرمن کھلاڑی کو اس میچ میں امریکی حریف سے 6-7 اور 6-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

امریکا میں ہونے والے فیڈ کپ خواتین ٹینس کا ایک بڑا عالمی ٹورنامنٹ ہے جہاں 2015 میں 99 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں