آملا نے کوہلی، ٹنڈولکر، پونٹنگ سب کو پیچھے چھوڑ دیا

12 فروری 2017
ہاشم آملا نے 50ویں سنچری کا سنگ میل سری لنکا کے خلاف میچ میں عبور کیا— فوٹو: اے پی
ہاشم آملا نے 50ویں سنچری کا سنگ میل سری لنکا کے خلاف میچ میں عبور کیا— فوٹو: اے پی

ہندوستان کے کپتان اور مایہ ناز کرکٹر ویرات کوہلی کی عمدہ فارم اور شاندار کارکردگی کی وجہ سے دنیا بھر میں ان کی دھوم مچی ہوئی ہے تو وہیں دوسری جانب جنوبی افریقہ ہاشم آملا خاموشی کے ساتھ ایک کے بعد ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کرتے جا رہے ہیں۔

حال میں سری لنکا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں 154 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 24ویں سنچری اسکور کی جو ان کی مجموعی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں 50ویں سنچری تھی۔

ہاشم آملا نے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے تیز رفتار 50ویں سنچری اسکور کی اور ان کے اعدادوشمار انہیں سچن ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ، اے بی ڈی ویلیئرز اور ویرات کوہلی سے ممتاز بناتے ہیں۔

ویرات کوہلی اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں 42 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں اور ابھی 50 انٹرنیشنل سنچریوں سے وہ کافی دور ہیں لیکن 50 انٹرنیشنل سنچریاں اسکور کرنے والے سچن ٹنڈولکر، پونٹنگ اور سدیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں باریش کھلاڑی کا ریکارڈ سب سے نمایاں ہے۔

ہاشم آملا نے مجموعی طور پر 348 اننگز میں 50 سنچریاں اسکور کیں جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ٹنڈولکر کو اتنی سنچریاں اسکور کرنے کیلئے 376 اننگز کا سہارا لینا پڑا، پونٹنگ نے 420، برائن لارا نے 465، جاک کیلس نے 520 اور کمار سنگاکارا نے 593 اننگز میں 50سنچریاں اسکور کیں۔

اگر صرف ون ڈے میچوں کی بات کی جائے تو آملا نے 142 اننگز میں 24ویں سنچری اسکور کی جبکہ کوہلی نے یہ کارنامہ انجام دینے کیلئے ان سے 19 اننگز زیادہ کھیلی تھیں۔ ڈی ویلیئرز نے آملا نے 50 اننگز زیادہ کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 219 اور رکی پونٹنگ نے 278ویں اننگز میں 24ویں سنچری مکمل کی تھی۔

دنیا میں تیز ترین 2ہزار، تین ہزار، چار ہزار، پانچ ہزار اور چھ ہزار ون ڈے رنز کا عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے ہاشم آملا اب تک چھ ہزار 780 رنز بنا چکے ہیں اور ممکنہ طور پر تیز ترین سات ہزار رنز کا ریکارڈ بھی ویرات کوہلی سے چھین لیں گے۔

ویرات کوہلی نے 161 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا اور ہاشم آملا کو 7ہزار کا ہندسہ عبور کرنے کیلئے مزید 220 رنز درکار ہیں۔ 34 سالہ آملا یقینی طور پر 28 سالہ کوہلی سے کافی پہلے ریٹائر ہو جائیں گے لیکن اس سے قبل وہ کئی ریکارڈ ضرور اپنے نام کر لیں گے۔

اگر 142 اننگز کے بعد بنائے گئے رنز کی بات کی جائے تو آملا اس میں بھی چھ ہزار 232 رنز کے ساتھ سب سے اوپر نظر آتے ہیں۔

اس فہرست میں دوسرا نمبر ویرات کوہلی کا ہے جنہوںنے چھ ہزار 232 رنز بنائے تھے جبکہ تیسرے نمبر پر سر ویوین رچرڈز جو چھ ہزار 19 رنز بنا سکے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں