لاہور قلندرز کا پی ایس ایل میں کم ترین اسکور کاریکارڈ

13 فروری 2017
لاہور قلندرز کے عمراکمل نے صفر پر آؤٹ ہونے کی نئی روایت قائم کردی—فوٹو: پی سی بی
لاہور قلندرز کے عمراکمل نے صفر پر آؤٹ ہونے کی نئی روایت قائم کردی—فوٹو: پی سی بی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے سیزن کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم پشاورزلمی کے خلاف ناقص بلےبازی کا مظاہرہ کرتےہوئے 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جو لیگ کی دوسالہ تاریخ کا کم ترین جبکہ گیندوں کے اعتبار سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کو دوسرا مختصر ترین میچ تھا۔

پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے بلےبازوں کو دباؤ میں رکھنے کا عزم لیے پہلے خود فیلڈنگ کا فیصلہ کرکے اپنے عزائم کو درست ثابت کردیا۔

برینڈن مک کولم، جیسن روئے، عمر اکمل اور محمد رضوان جیسے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی موجودگی میں لاہور قلندرز کی ٹیم سے اتنے کم اسکور کی امید نہیں کی جارہی تھی۔

پشاورزلمی کے حسن علی نے کپتان کے ارادوں کو سچا ثابت کرتے ہوئے قلندرز کے تین بلےبازوں کو ٹھکانے لگا کر چھوٹے مجموعے تک محدود رکھنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم صرف 11.2 اوورز کی مہمان ثابت ہوئی اور 59 رنز بنا کر ایک نئی تاریخ رقم کرگئی۔

مزید پڑھیں: پشاور زلمی کی پی ایس ایل میں دوسری کامیابی

پی ایس ایل کی مختصر تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا ک جب کوئی ٹیم 100 کا ہندسہ عبور نہ کرسکی ہو، اس سے قبل کم ترین اسکور 9 وکٹوں پر 111 رنز کراچی کنگز کا تھا جوانھوں نے 2016 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بنایا تھا۔

پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کے کم ترین مجموعے کی بات کی جائے تو لاہور قلندرز کا ہی تیسرا نمبر ہے جب انھوں نے 2016 میں پشاورزلمی کے خلاف ہی 117 رنز بنائے تھے جبکہ 117 کا مجموعہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بھی ترتیب دیا تھا۔

رواں پی ایس ایل میں کراچی کنگز نے پشاورزلمی کے خلاف 7 وکٹوں پر 118 رنز بنائے تھے جو لیگ کے کم ترین مجموعے میں شامل ہے۔

لاہور قلندرز نے 59 رنز کا مختصر مجموعہ ترتیب دینے کے لیے 62 گیندوں کا سامنا کیا جو گیندوں کے اعتبار سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا مختصر ترین میچ ہے۔

بنگلہ دیشی کلب محمڈن کی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی میچ میں 62 گیندوں پر 45 رنز پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ حاصل ہے جو 26 دسمبر 2013 کو سلہٹ کے گراؤنڈ میں پرائم بینک کے خلاف بنایا تھا۔

تیسرے نمبر پر انگلش کاؤنٹی کلب ایسیکس کو 63 گیندوں کا سامنا کرنے کا اعزاز حاصل ہے، چوتھے نمبر پر نیدرلینڈز کی ٹیم 24 مارچ 2014 کو سری لنکا کےخلاف چٹاگانگ میں 63 گیندوں پر 39 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی تھی۔

5 اکتوبر 2011 کو نمیبیا کی ٹیم 64 گیندوں کے لیے اسکاٹ لینڈ کی مہمان ثابت ہوئی تھی اور 55 رنز بنائے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں