عمر اکمل کو ٹی20 میں صفر کا ہندسہ بھا گیا

13 فروری 2017
عمر اکمل ٹی20 میں 24 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
عمر اکمل ٹی20 میں 24 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پہلے ایڈیشن میں رنز کے انبار لگا کر سب سے کامیاب بلے باز کا اعزاز حاصل کرنے والے عمر اکمل کے ستارے اس سال گردش میں ہیں۔

عمر اکمل اس سال اچھی فارم میں نظر نہیں آ رہے اور تین میچوں میں سے دو میں صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔

تاہم گزشتہ میچ میں پشاور زلمی کے خلاف صفر پر آؤٹ ہو کر لاہور قلندرز کے بلے باز نے ایک انتہائی بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

عمر اکمل پشاور زلمی کے خلاف آؤٹ ہوئے تو یہ ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر 24واں موقع تھا جب وہ صفر پر پویلین لوٹے اور اس کے ساتھ ہی سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز بن گئے ہیں اور 204 اننگز میں سے 24 میں صفر پر پویلین لوٹ چکے ہیں۔

اس فہرست میں دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز موجود ہیں جو 167 اننگز میں 23 مرتبہ صفر پر پویلین لوٹے۔ سری لنکا کے تلکارتنے دلشان اور ڈیوین براوو بھی 23 مرتبہ صفر پر پویلین لوٹے۔

اس فہرست میں دو ہندوستانی کھلاڑی گوتم گمبھیر اور ہربھجن سنگھ بھی موجود ہیں جو بالترتیب 18 اور 17 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس فہرست میں لینڈل سمنز، تھسارا پریرا اور فل مسٹرڈ جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

گزشتہ سال لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف اس وقت پاکستان سپر لیگ کی سب سے چھوٹی اور ٹی20 کرکٹ کی دوسری سب سے چھوٹی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

زلمی کے خلاف قلندرز کی اننگز 10.2 اوورز میں اختتام پذیر ہو گئی تھی جو ٹی20 کرکٹ کی دوسری سب سے چھوٹی اننگز ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں