لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کا کہنا ہے کہ بحیثیت کرکٹر ان کی خواہش ہے کہ پورا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ہی پاکستان میں ہو۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد ہونے کے خلاف سازش کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دشمن پاکستان کو تنہا کرنا چاہتے ہیں اور ممکن ہے کہ یہ دھماکا ایک پیغام ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’اس واقعے سے پاکستانی کھلاڑی تو نہیں ڈریں گے البتہ غیر ملکی کھلاڑی ضرور خوفزدہ ہوں گے، ہوسکتا ہے انہیں ڈرانے کے لیے یہ دھماکا کیا گیا ہو تاہم میں کچھ کہہ نہیں سکتا‘۔

مزید پڑھیں: 'پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو یا نہیں عوام بتائیں'

عمران خان سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ بحیثیت کرکٹر یہ چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو تو انہوں نے کہا کہ ’میں تو چاہتا ہوں کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہو لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جب دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو غیر ملکی کھلاڑی ڈر جاتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے سے بین الاقوامی سطح پر یہ پیغام چلا گیا کہ پاکستان غیر ملکی ٹیموں کے دورے کے لیے محفوظ جگہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ لاہور میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد پی ایس ایل کا صوبائی دارالحکومت میں طے شدہ فائنل خطرے میں پڑگیا ہے۔

پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے عوام سے رائے مانگ لی ہے کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے منع کرتے ہیں تو ایسی صورت حال میں کیا ان کے بغیر اپنے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل کھیلا جائے یا پھر دبئی میں ہی اس کا انعقاد کیا جائے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ 'پی ایس ایل عوام کا اثاثہ ہے اور یہ ہمارا، پی سی بی، پی ایس ایل کی ٹیموں، حکومت، کھلاڑیوں اور سب سے بڑھ کرعوام کا عزم تھا کہ فائنل لاہور میں ہو'۔

یہ بھی پڑھیں: ’دھماکا پی ایس ایل کا فائنل سبوتاژ کرنے کی سازش‘

انھوں نے کہا کہ 'یہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی کھڑکی تھی جس کے بعد غیرملکیوں نے آنا تھا، ہم نے کئی لوگوں کو منایا تھا لیکن اب صورت حال یہ ہے کہ لوگوں کے ذہنوں میں ایک شک کی لہر ہوگی'۔

نجم سیٹھی کے مطابق 'اب صورت حال یہ ہے تو کیا کریں، لوگوں نے فون کرکے کہا ہے کہ پاکستان کا عزم ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرکے دکھانا ہے اور دہشت گردوں کو ہرانا ہے، میں اتفاق کرتا ہوں، میری بھی یہی رائے ہے، میرا بھی عزم ہے اور مجھے نظر آرہا ہے کہ ہر پاکستانی کا یہی عزم ہے اور امید ہے کہ پنجاب حکومت کا بھی یہی موقف ہوگا جس کا اظہار رانا ثنا اللہ نے بھی کیا ہے'۔


تبصرے (2) بند ہیں

sajjad Feb 14, 2017 10:43pm
Pakistan aik Mahfouz jagha ha .our PSL ka final Lahore may huna chahaiy.hum Kise se be derne wali nahi ha.ham apni mulk ki beqa ki le har waqt tayar hu our tayar rehgy inshallah.i love you Pakistan..
Imran Feb 15, 2017 03:10pm
No more cricket in Pakistan. Pakistan is not save. its true. TTP , Ahrar and jhangvi other groups are still in pakistan. its clear.