گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے خودکش دھماکے کے اور ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا منفی اثر اسٹاک مارکیٹ پر بھی نظر آیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 197 پوائنٹس کمی کے بعد 49 ہزار 767.91 پوائنٹس پر بند ہوا۔

منگل کو کاروبار کا آغاز 49 ہزار 947.21 پوائنٹس کے ساتھ ہوا اور ابتدائی سیشن میں انڈیکس نے 50 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کی۔

تاہم اس کے بعد کاروبار میں مسلسل مندی دیکھی گئی اور آدھا دن گزرنے کے بعد انڈیکس 49 ہزار 530 پوائنٹس تک گر چکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز

دن کے اختتام پر کاروبار دوبارہ پروان چڑھا اور انڈیکس 49 ہزار 767.91 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی طور پر 13 کروڑ 36 لاکھ شیئرز کا کاروبار کیا گیا جس کی مجموعی مالیت 11.5 ارب روپے رہی۔

391 کمپنیوں کے شیئرز کی خرید و فروخت کی گئی جن میں سے 125 کی قیمتوں میں اضافہ، 251 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 15 کمپنیوں کے شیئرز مستحکم رہے۔

سب سے زیادہ 4 کروڑ 8 لاکھ 70 ہزار شیئرز عائشہ اسٹیل ملز کے خریدے اور فروخت کیے گئے جس کے بعد پاور سیمینٹ لمیٹڈ کے 3 کروڑ 71 لاکھ 70 ہزار، کے الیکٹرک کے 2 کروڑ 35 لاکھ 70 ہزار، دوست اسٹیل لمیٹڈ کے ایک کروڑ 82 لاکھ 10 ہزار جبکہ ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کے ایک کروڑ 44 لاکھ 10 ہزار شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی۔


تبصرے (0) بند ہیں