حدیقہ کیانی پر کوکین کی اسمگلنگ کا جھوٹا الزام

اپ ڈیٹ 15 فروری 2017
پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی — فوٹو/ فائل
پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی — فوٹو/ فائل

پاکستان کی نامور گلوکارہ حدیقہ کیانی کے حوالے سے رپورٹس گردش کر رہی تھیں کہ انھیں لندن کے ایک ایئرپورٹ پر کوکین کی اسمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا، تاہم حدیقہ نے ان تمام خبروں کی تردید کردی ہے۔

میٹرو یو کے نامی ویب سائٹ کے مطابق حدیقہ کیانی کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر 2 کلوگرام کوکین کی اسمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ انہیں پورٹ اتھارٹی پولیس کے حوالے کردیا گیا اور لندن ڈسٹرکٹ اٹارنی کی جانب سے استغاثہ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حدیقہ کیانی کے پاس موجود کوکین دو کافی کے بیگز میں موجود تھی، جسے دو الگ الگ سوٹ کیسز میں چھپایا گیا، جس کی مالیت 80 ہزار پونڈ ہے۔

مزید پڑھیں: حدیقہ کیانی کی 'چھاپ تِلک' کے ساتھ واپسی

تاہم حدیقہ کیانی جو اس وقت خود لاہور میں ہی موجود ہیں، نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد ٹھہراتے ہوئے اس خبر کو جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر حدیقہ کیانی نے لاہور میں موجود اپنی فیملی کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ وہ میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ خبروں پر کافی حیران ہیں۔

انہوں نے لکھا 'نہ ہی میں لندن میں ہوں اور نہ ہی میرا وہاں جانے کا کوئی ارادہ ہے، لہذا کوئی میرے نام کے ساتھ منشیات کو جوڑنے کی کوشش نہ کرے، میں اس وقت بے حد متنفر ہوں، مجھے نام نہاد میڈیا کی ان جھوٹی خبروں پر نہایت افسوس ہورہا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی کی چند نایاب تصاویر

حدیقہ کیانی نے اے آر وائی نیوز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شروع میں وہ ان قیاس آرائیوں پر ہنستی رہیں، لیکن انہیں اُس وقت پریشانی شروع ہوئی جب ان کے پاس صحافیوں اور دیگر افراد کی جانب سے سنجیدہ فون کالز آنا شروع ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بھانجے کی سالگرہ اور فیملی کے ساتھ ویلنٹائن ڈے کا جشن منانے میں مصروف تھیں، ساتھ ہی انہوں نے مایوسی کا اظہار کیا کہ کچھ میڈیا اداروں نے بغیر تصدیق کیے ایسی بےبنیاد افواہوں کو شائع کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں