کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کراچی میں منعقد کروانے کی پیشکش کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پیشکش کی اگر وہ بہتر سمجھتے ہیں تو پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کروائیں۔

وسیم اختر کا کہنا تھا، 'میں بحیثت میئر، کراچی اسٹیڈیم انھیں آفر کرتا ہوں'۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سلسلے میں سارے انتظامی اور سیکیورٹی معاملات کی ذمہ داری لینے کو بھی تیار ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کیا تھا تاہم 13 فروری کو لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں سینئر پولیس افسران سمیت 13 افراد کی ہلاکت کے بعد یہاں فائنل کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔

مزید پڑھیں:'پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو یا نہیں عوام بتائیں'

جس کے بعد پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے عوام سے رائے مانگی کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے منع کرتے ہیں تو ایسی صورت حال میں کیا ان کے بغیر اپنے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل کھیلا جائے یا پھر دبئی میں ہی اس کا انعقاد کیا جائے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ 'پی ایس ایل عوام کا اثاثہ ہے اور یہ ہمارا، پی سی بی، پی ایس ایل کی ٹیموں، حکومت، کھلاڑیوں اور سب سے بڑھ کرعوام کا عزم تھا کہ فائنل لاہور میں ہو'۔

انھوں نے کہا کہ 'یہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی کھڑکی تھی جس کے بعد غیرملکیوں نے آنا تھا، ہم نے کئی لوگوں کو منایا تھا لیکن اب صورت حال یہ ہے کہ لوگوں کے ذہنوں میں ایک شک کی لہر ہوگی'۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا 'اب صورت حال یہ ہے تو کیا کریں، لوگوں نے فون کرکے کہا ہے کہ پاکستان کا عزم ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرکے دکھانا ہے اور دہشت گردوں کو ہرانا ہے، میں اتفاق کرتا ہوں، میری بھی یہی رائے ہے، میرا بھی عزم ہے اور مجھے نظر آرہا ہے کہ ہر پاکستانی کا یہی عزم ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ’چاہتا ہوں پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہو‘

بعدازاں نجم سیٹھی نے ایک نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ '22 تاریخ کو ہم ایک نیا ڈرافٹ کریں گے اور کھلاڑیوں سے پوچھیں گے کہ لاہور میں کون کون کھیلنے کو تیار ہے اور کون تیار نہیں'۔

ان کا کہنا تھا 'جولوگ کہیں گے کہ وہ تیار ہیں تو ٹھیک ہے اور جو لوگ کہیں گے کہ ہم کھیلنے کو تیار نہیں ہیں تو دنیا میں اور بہت سے کھلاڑی ہیں جن سے ہم رابطے میں ہیں تاکہ ہم انھیں متبادل کے طور پر لے سکیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ فائنل لاہور میں ہو اور اس میں غیرملکی کھلاڑی کھیلیں'۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوتا ہے یا پی سی بی وسیم اختر کی پیشکش قبول کرتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (4) بند ہیں

Hamza khan Feb 16, 2017 02:19pm
Rawalpindi ma hona chaeya ya bilkul save jaga ha Karachi bhe save city Ni ha Pal ka final Rawalpindi ma ho na chAeya .
الیاس انصاری Feb 16, 2017 02:47pm
میری رائے میں پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے بغیر ہو گا
Bilal Iqbal Feb 16, 2017 06:15pm
Respected waseem Akhtar , first of all, prepare the roads for their travel, and remove encroachment then your offer has some value.
Abid Feb 16, 2017 07:21pm
I am from Lahore but I support PSL Final in Karachi as Karachi is the largest city in Pakistan.