’کوہلی، ٹنڈولکر اور ویوین رچرڈز کی صلاحیتوں کا مجموعہ‘

16 فروری 2017
حال ہی میں ویرات کوہلی نے لگاتار چار ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچری بنانے کا ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جو آج تک کرکٹ کی تاریخ میں کوئی نہ کر سکا— فوٹو: اے ایف پی
حال ہی میں ویرات کوہلی نے لگاتار چار ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچری بنانے کا ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جو آج تک کرکٹ کی تاریخ میں کوئی نہ کر سکا— فوٹو: اے ایف پی

ہندوستان کو عالمی کپ جتوانے والے سابق کپتان کپیل دیو نے خبردار کیا ہے کہ ویرات کوہلی نے مثالی فٹنس تو حاصل کر لی ہے لیکن زیادہ ٹریننگ کی وجہ سے ان کا کیریئر جلد ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

آکاش چوپرا کی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہندوستان کی تینوں فارمیٹس کی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی شاندار فٹنس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام کھلاڑیوں میں کرکٹرز سب سے کم فٹنس کے حامل ہوتے ہیں لیکن اس میں بھی نئے معیارات قائم کر دیے ہیں۔ کبھی کبھی مجھے لگتا ہے کہ اس کی فٹنس اعلیٰ معیار سے بھی زیادہ ہے۔ جب آپ اتنی سخت ٹریننگ کرتے ہیں تو آپ کے مسل بہت جلدی کمزور پڑنے لگتے ہیں اور اتنی زیادہ فٹنس ٹریننگ کے آپ کو انجری کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔

ویرات کوہلی نے اپنی عمدہ فٹنس سے دنیا میں نئے معیارات متعین کیے ہیں اور یہی وجہ سہے کہ انہیں اس عہد کا عظیم ترین کھلاڑی تصور کیا جانے لگا ہے۔

حال ہی میں انہوں نے لگاتار چار ٹیسٹ سیریز میں ڈبل سنچری بنانے کا ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جو آج تک کرکٹ کی تاریخ میں کوئی نہ کر سکا۔

انہوں نے 2012 آئی پی ایل کے بعد اپنی فٹنس کو درست کرنے کا عہد کیا اور اس کے بعد ایک بہترین فٹنس حاصل کرتے ہوئے ایک شاندار کیریئر کو پروان چڑھایا۔

کپیل دیو نے کہا کہ وہ 28 سالہ کھلاڑی کی سوچ سے بہت متاثر ہیں جو یند کی لینتھ کو بہت جلد سمجھ لیتے ہیں اور ان کی تکنیک بہت اعلیٰ ہے۔

انہوں نے کوہلی کو سچن ٹنڈولکر اور ویوین رچرڈز کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عظمت کی جانب گامزن ہیں اور اگر اس نے اسی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا تو شاید مستقبل میں سر ڈان بریڈ مین سے زیادہ عظیم کھلاڑی تصور کیے جائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں