کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ دو روز سے مسلسل مندی کا رجحان تھا تاہم جمعرات کو کاروبار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 374 پوائنٹس(0.76 فیصد) کا اضافہ دیکھا گیا۔

جمعرات کو کے ایس ای انڈیکس 374 پوائنٹس اضافے کے بعد 49 ہزار 588 پوائنٹس پر بند ہوا۔

گزشتہ روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں 554 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کی اہم وجہ گزشتہ چند دنوں سے ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ بتایا جارہا تھا جس کی وجہ سے سرمایہ کار محتاط ہوگئے تھے۔

جمعرات کو کاروبار کا آغاز49 ہزار 214.15 پوائنٹس پر ہوا تھا اور دن کے دوران 8 کروڑ 89 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مجموعی مالیت 9.78 ارب روپے رہی۔

مجموعی طور پر 402 کمپنیوں کے شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی جن میں سے 252 کی قدر میں اضافہ ، 130 کی قدر میں کمی جبکہ 20 کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ 2 کروڑ 17 لاکھ شیئرز عائشہ اسٹیل ملز کے ٹریڈ ہوئے جبکہ دوست اسٹیلز لمیٹڈ کے 2 کروڑ 14 لاکھ، ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کے ایک کروڑ 37 لاکھ، دیوان سیمنٹ کے ایک کروڑ 34 لاکھ اور انٹراسٹیل لمیٹڈ کے ایک کروڑ 3 لاکھ شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی۔


تبصرے (0) بند ہیں