'دپیکا اور پریانکا کے معیار تک نہیں پہنچ سکتی'

اپ ڈیٹ 17 فروری 2017
سونم کپور / فوٹو پبلسٹی
سونم کپور / فوٹو پبلسٹی

بولی وڈ اداکارائیں ایک کے بعد ایک کرکے ہولی وڈ جیسی کامیاب انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں قدم جمانے کی کوشش کررہی ہیں، جس میں پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون اور سونم کپور کا نام شامل ہے۔

جہاں پریانکا چوپڑا اپنے کامیاب امریکی ڈرامے 'کوائنٹیکو' اور جلد ریلیز ہونے والی ہولی وڈ فلم 'بے واچ' اور دپیکا پڈوکون اپنی حال ہی میں ریلیز ہوئی ڈیبو ہولی وڈ فلم 'ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج' سے ہولی وڈ انڈسٹری میں ایک نام کما چکی ہیں، وہیں سونم کپور اب اس دوڑ میں شامل ہونے کی کوششیں کررہی ہیں۔

اب جب تین کامیاب بولی وڈ اداکارائیں ہولی وڈ میں کام کرنا شروع کریں گی، تو ان کا ایک دوسرے سے مقابلہ بھی ضرور کیا جائے گا، تاہم سونم کپور کے مطابق وہ دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کے معیار تک نہیں پہنچ سکتی۔

مزید پڑھیں: کیا سونم کپور بھی ہولی وڈ جارہی ہیں؟

پنک ولا سے بات کرتے ہوئے سونم کپور نے بتایا کہ انہوں نے ہولی وڈ کی ایک ٹیلنٹ ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے، تاہم انہیں اب تک فلم کے لیے کوئی اسکرپٹ پسند نہیں آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'بولی وڈ اور ہولی وڈ میں کوئی فرق نہیں ہے، اور وہ صرف اچھے کردار کی تلاش کررہی ہیں۔

سونم کے مطابق 'میں اسی طرح کے کردار ہولی وڈ میں ڈھونڈ رہی ہوں، جیسے میں بولی وڈ میں ڈھونڈتی ہوں، ان میں کوئی فرق نہیں ہے، مجھے جہاں اچھا کام ملے گا، میں وہاں کام کروں گی، پھر چاہے وہ چین میں ہی کیوں نہ ہو'۔

یہ بھی پڑھیں: سونم کپور ہولی وڈ ٹیلنٹ ایجنسی کے ساتھ منسلک

دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کو ہولی وڈ میں موصول ہونے والی کامیابی کے حوالے سے سونم کپور نے کہا کہ 'مجھے لگتا ہے وہ دونوں بےحد شاندار کام کررہی ہیں، اور مجھے امید ہے کہ میں بھی ایسا کام کرسکوں، لیکن مجھے نہیں لگتا میں ان کے معیار تک پہنچ پاؤں گی'۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب گزشتہ سال سونم کپور سے ہولی وڈ جانے کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ وہ دوبارہ سے کیریئر کا آغاز نہیں کرنا چاہتی۔

اگر کام کے حوالے سے بات کی جائے تو سونم کپور اس وقت اپنی فلم 'ویرے دی ویڈنگ' میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ہمراہ کرینہ کپور خان مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں