بروک لیسنر کا یو ایف سی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

16 فروری 2017
بروک لیسنر — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
بروک لیسنر — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

بروک لیسنر اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہیں مگر وہ ماضی میں یو ایف سی ہیوی ویٹ چیمپئن بھی رہ چکے ہیں تاہم اب انہوں نے مکس مارشل آرٹس مقابلوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

یو ایف سی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 39 سالہ بروک لیسنر نے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔

بروک لیسنر گزشتہ سال جولائی میں ساڑھے چار سال کے وقفے کے بعد یو ایف سی 200 میں مارک ہنٹ کے مدمقابل آئے تھے اور کامیاب رہے تھے تاہم ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آنے پر نتیجے کو بدل دیا گیا۔

ڈوپ ٹیسٹ کے باعث انہیں ایک سال تک ان مقابلوں میں شرکت سے بھی روک دیا گیا تھا۔

تاہم بروک لیسنر کی اس ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے اعلان کا ڈبلیو ڈبلیو ای کے کیرئیر پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور وہ ریسل مینیا 33 میں گولڈ برگ کے مدمقابل آئیں گے اور توقع ہے کہ یہ چیمپئن شپ مقابلہ ہوگا۔

کیونکہ بل گولڈ برگ آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ فاسٹ لین میں ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن کیون اوئنز سے ایک بار پھر چیمپئن بننے کے لیے مقابلہ کریں گے۔

بوک لیسنر نے یو ایف سی میں 8 بار مقابلوں میں شرکت کی اور وہاں ہیوی ویٹ ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے 2011 میں بھی یو ایف سی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا مگر 2016 میں اسے واپس لے لیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں