شارجہ: پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ ہم حریف ٹیم کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

پشاور کے اوپنرز نے بقیہ میچوں کی نسبت اس میچ میں بہتر کھیل پیش کیا اور اب تک 3.4 اوورز میں اپنی ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ بارش نے میچ میں مداخلت کردی۔

میچ کے آغاز سے قبل شارجہ میں آندھی آئی تھی اور بارش کے سبب میچ کو روک دیا گیا لیکن آدھے گھنٹے کے وقفے کے بعد کھیل کو دوبارہ شروع کردیا گیا۔

بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو محموداللہ نے محمد حفیظ کو پویلین لوٹا دیا جو 16 رنز بنا سکے۔

کامران اکمل صرف تین گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے لیکن زلمی کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب آئن مورگن ایک رن بنانے کے بعد رلی روسو کو وکٹ دے بیٹھے۔

پشاور زلمی نے جب 12 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان 72 رنز بنائے تھے تو بارش نے دوبارہ مداخلت کی جس کے سبب میچ کو 16 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔

تمیم اقبال اور صہیب مقصود میچ کو 16 اوورز تک محدود ہونے کے بعد جارحانہ کھیلنے کی کوششوں میں مصروف رہے اور 15 ویں اوور کی تیسری گیند پر تمیم نے ذوالفقار بابر کی فل ٹاس گیند پر چھکا رسید کرکے ٹیم کی سنچری اور اپنی نصف سنچری مکمل جبکہ اگلی گیند پر ایک اور چھکا بھی رسید کردیا۔

پشاور زلمی نے محدود 16 اوورز میں 3 وکٹوں پر 117رنز بنائے ہیں۔

تمیم اقبال نے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی، صہیب مقصود 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محموداللہ، حسان خان اور رلی روسو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور کی اننگز کے بعد بارش کی آنکھ مچولی جاری جس کے سبب دونوں ٹیمیں میدان میں نہ اتر سکیں۔

اس دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ اوورز میں 55 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا لیکن بارش نے کوئی گیند پھینکے جانے سے قبل ہی میچ میں مداخلت کردی اور میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

میچ کی منسوخی کے سبب دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی ہیں اور تمیم اقبال، شکیب الحسن اور جنید خان کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عمر گل کی جگہ ذوالفقار بابر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، تمیم اقبال، محمد حفیظ، کامران اکمل، آئن مورگن، شکیب الحسن، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، جنید خان اور حسن علی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، کیون پیٹرسن، رلی روسو، محموداللہ، تھسارا پریرا، محم نواز، انور علی، حسان خان اور ذوالفقار بابر۔

تبصرے (0) بند ہیں