سلمان خان کو 'چھچھورا' کہنے پر صبا قمر کی وضاحت

18 فروری 2017
صبا قمر کا شمار پاکستان کی کامیاب اداکاراوں میں کیا جاتا رہا ہے — فوٹو/فائل
صبا قمر کا شمار پاکستان کی کامیاب اداکاراوں میں کیا جاتا رہا ہے — فوٹو/فائل

پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے ایک مارننگ شو کے دوران بولی وڈ اداکاروں پر مزاحیہ طنز کرنے کے ساتھ ساتھ سلمان خان کو چھچھورا کہہ ڈالا۔

نجی چینل کے مارننگ شو میں صبا قمر سے میزبان نے بولی وڈ اداکار ہریتھک روشن، سلمان خان، رنبیر کپور، عمران ہاشمی وغیرہ کے حوالے سے کئی سوالات کیے، جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

میزبان نور نے صبا قمر کو ایک کھیل کھیلنے کو کہا جہاں انہیں بولی وڈ اداکاروں کی تصاویر دکھائی گئی، اور ان سے سوالات کے جوابات مانگے۔

مزید پڑھیں: صبا قمر کی 'ہندی میڈیم' کی کہانی کیا؟

اس دوران جب صبا قمر سے سوال کیا گیا کہ اگر ہریتھک روشن انہیں شادی کی پیشکش کریں تو وہ کیا کہیں گی، جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'میں دو بچوں کے باپ سے شادی نہیں کرنا چاہتی'، تاہم بعدازاں انہوں نے کہا کہ وہ ان کی پسند نہیں ہیں۔

صبا قمر سے جب رنبیر کپور اور عمران ہاشمی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو تب بھی اداکارہ نے مزاحیہ طنز کرتے ہوئے ان سوالات کے جواب دیئے، ان سے جب عمران ہاشمی کے ساتھ ایک فلم کا کہا تو انہوں نے جواب دیا 'مجھے منہ کا کینسر نہیں کروانا'، جبکہ رنبیر کپور کے لیے اداکارہ نے کہا کہ 'ان کا دپیکا پڈوکون کے ساتھ افیئر تھا اس لیے میں ان کے ساتھ بھی کام سے انکار کرتی ہوں'۔

صبا قمر سے ریتیش دیشمکھ کے ساتھ مزاحیہ فلم میں کام کا کہا تو انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی کامیاب اداکارہ ہیں اور بولی وڈ میں بھی کسی کامیاب اداکار کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر کی 'ہندی میڈیم' کی نئی جھلک

تاہم ایک موقع پر جب صبا قمر سے سوال کیا گیا کہ سلمان خان نے انہیں اپنی فلم 'دبنگ 3' میں آنے کی آفر دی ہے اور آپ کو انہیں انکار کرنا ہے، تو صبا نے کہا کہ سلمان خان بہت چھچھورے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جب صبا قمر سے اس حوالے سے فون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک مزاحیہ شو تھا، اس میں ایسا کچھ نہیں تھا، کافی ود کرن میں کیا کچھ نہیں ہوتا؟ میں سب کو پسند کرتی ہوں، سلمان خان بہت بڑے سپر اسٹار ہیں، میں ان کے بارے میں کچھ بھی بُرا کیوں کہوں گی'۔

خیال رہے کہ صبا قمر بولی وڈ معروف اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم 'ہندی میڈیم' میں کام کرتی نظر آئیں گی، جو ان کی پہلی بولی وڈ فلم ہے۔

فلم 'ہندی میڈیم' 31 مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں