والد کا بیٹی کیلئے خوبصورت تحفہ

18 فروری 2017
فوٹوبشکریہ / جوش روسی فیس بک
فوٹوبشکریہ / جوش روسی فیس بک

دنیا کے خوبصورت رشتوں میں والد اور بیٹی کا رشتہ بھی شامل ہے، ایسی ہی ایک مثال امریکی ریاست یوٹاہ سے تعلق رکھنے والے ایک والد نے بھی پیش کی۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 3 سالہ نیلی کا خواب اس وقت پورا ہوا، جب اس کے 31 سالہ فوٹوگرافر والد جوش روسی نے اسے ڈزنی کی کامیاب فلم 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کی مرکزی اداکارہ بیلے کا روپ دیا، جس کی ویڈیو اور خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

یوٹاہ کی سالٹ لیک سٹی سے تعلق رکھنے والے جوش روسی نے اپنی بیٹی نیلی کو ایک خوبصورت سرپرائز دیا، اور یہ ایک ایسا تحفہ تھا جو شاید وہ کبھی نہیں بھولے گی۔

'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' سے مشابہہ شوٹ کرنے کے لیے جوش کو یورپ جاکر 5 شہروں میں سے کچھ قلعے اور دیہات کی تصاویر جمع کرنی پڑیں۔

فوٹوبشکریہ / ڈزنی
فوٹوبشکریہ / ڈزنی

یہ تصاویر حاصل کرنے کے بعد، جوش نے اپنی بیٹی کے لیے 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کے ملبوسات ڈیزائن کروائے، اور نیلی کی کچھ ایسے مناظر میں تصاویر لیں، جنہیں فوٹو شاپ کے ذریعے ان قلعے اور گاوں کے ساتھ جوڑا جاسکے۔

جوش روسی نے اپنے بلاگ پوسٹ میں لکھا کہ 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کی کہانی کا پیغام اتنا خوبصورت ہے کہ میں اسے اپنی بیٹی کے ساتھ ضرور پیش کرنا چاہتا تھا'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'میں کچھ ایسا بھی کرنا چاہتا تھا جسے میری بیٹی ہمیشہ یاد رکھے، جس سے ہمارا پیار اور خوبصورت رشتہ نظر آئے'۔

فوٹوبشکریہ / جوش روسی فیس بک
فوٹوبشکریہ / جوش روسی فیس بک

جوش روسی نے نیلی کے ساتھ اپنی تصویر بھی لی، ان تصاویر میں سب سے پسند کیا جانے والا وہ لمحہ ہے جب جوش اپنی بیٹی کے ساتھ رقص کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی کا سب سے پسندیدہ لمحہ وہی تھا جب وہ دونوں بال روم کے رقص کو پیش کررہے تھے۔

جوش کے مطابق جب انہوں نے اپنی بیٹی کو اس تصویر کا تحفہ دیا تو وہ خوشی سے جھومتی رہی۔

ایسا پہلی بار نہیں ہے جب جوش روسی نے اپنی بیٹی کو کسی کردار میں پیش کیا ہو، گزشتہ سال اکتوبر میں فوٹوگرافر نے اپنی بیٹی کی تیسری سالگرہ پر اسے ہولی وڈ فلم کے کردار 'ونڈر وومن' کے روپ میں پیش کیا تھا۔

فوٹو بشکریہ / جوش روسی فیس بک
فوٹو بشکریہ / جوش روسی فیس بک

خیال رہے کہ ڈزنی کی 1991 کی کامیاب اینیمیٹڈ فلم 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کا ری میک رواں سال 17 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا، جس میں ہولی وڈ اداکارہ ایما واٹسن 'بیلے' کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں