پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے ہی لاہور قلندر کے مالک رانا فواد کی تصاویر اور ویڈیوز سماجی روابط کی ویب سائٹس پر شیئر ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔

مختلف مواقع پر ان کے تاثرات اور بےساختہ جذبات کے اظہار پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

حالیہ دنوں میں وائرل ہونے والی ان کی ڈانس کی ویڈیو پر فواد رانا کہتے ہیں کہ وہ کرکٹ کے مداح ہیں جبکہ اس اسی انداز میں لطف اندوز ہوتے ہیں، جس طرح ملک کا کوئی بھی کرکٹ کا مداح لطف اندوز ہونا چاہتا ہے۔

ڈان نیوز سے بات چیت میں لاہور قلندرز کے مالک کا کہنا تھا کہ وہ دوسروں کی طرح ایک عام انسان ہیں جبکہ وہ نہیں جانتے کہ کیمرے کہاں نصب ہیں، میچ کے دوران جس موقع پر وہ جیسا محسوس کرتے ہیں اس کا اظہار کردیتے ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر مقبول اور مسلسل شیئر ہونے والی ویڈیو میں رانا فواد کو ویسٹ انڈین کھلاڑی کرس گیل کی وکٹ کے بعد گینگنم اسٹائل میں رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ ڈانس کے اس انداز کو کرس گیل کی پہچان سمجھا جاتا ہے جو وہ دوران میچ ہر کامیابی پر ضرور کرتے ہیں۔

رانا فواد کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر کو وائرل ہوتا دیکھ کر اب وہ کافی احتیاط برتتے ہیں اور اپنے ارد گرد موجود کیمروں کا دھیان رکھتے ہیں۔

تاہم لاہور قلندرز کے مالک کا کہنا ہے کہ 'کرکٹ کے دوران میں اپنے جذبات کو چھپا نہیں سکتا اور خاص کر جب بات ہو لاہور کی، میں لاہور اور اس شہر سے جڑی ہر چیز سے محبت کرتا ہوں، لہذا کھیل کے دوران کوئی دلچسپ لمحہ آئے تو میں بہت پرجوش ہوجاتا ہوں پھر چاہے وہ ٹیم کا تھیم سانگ ہی کیوں نہ ہو'۔

خیال رہے کہ رانا فواد اپنی ٹیم لاہور قلندر سے گہرے لگاؤ کے باعث کافی جانے جاتے ہیں اور ٹیم کی ناکامی کے بعد اکثر انہیں پریشان ہوتے اور افسوس کا اظہار کرتے بھی دیکھا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں