بولی وڈ فلم 'ڈیئر زندگی' گزشتہ سال ریلیز ہوئی، جس نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا، اس فلم میں عالیہ بھٹ اور شاہ رخ خان نے مزکزی کردار ادا کیے، جبکہ پاکستانی اداکار علی ظفر نے اس فلم میں معاون کردار ادا کیا تھا۔

اس فلم میں علی ظفر کی اداکاری کو خوب سراہا گیا، لیکن شاید ہی کوئی جانتا ہوگا کہ علی ظفر نے اس فلم میں ایک گانا 'تو ہی ہے' بھی گایا تھا، جسے فلم میں تو نہیں لیکن آخر کار اب ریلیز کردیا گیا ہے۔

اس گانے کو شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر شیئر کیا۔

خیال رہے کہ 'تو ہی ہے' گانے کا ایک اور ورژن فلم میں شامل کیا گیا تھا، جسے ہندوستانی گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا۔

کئی صارفین کا ایسا ماننا بھی تھا کہ ارجیت سنگھ سے زیادہ بہتر اس گانے کو علی ظفر نے گایا۔

واضح رہے کہ فلم 'ڈیئر زندگی' میں عالیہ بھٹ نے عام لڑکی کا کردار ادا کیا جو اپنی زندگی میں کافی اداس اور پریشان رہتی، جس کے بعد شاہ رخ خان انہیں ان کی مشکلات سے نکال کر زندگی بھر پور انداز میں جینا سکھاتے ہیں۔

فلم میں علی ظفر نے موسیقار کا کردار ادا کیا، جو کہ عالیہ بھٹ کے بوائے فرینڈ بنے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ علی ظفر کی بولی وڈ میں 9ویں فلم تھی، اس سے قبل وہ میرے برادر کی دلہن، ٹوٹل سیاپا'، 'کل دل'، تیرے بن لادن' جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں