ویوین رچرڈز 'فائنل کے لیے' لاہور آنے کو تیار

18 فروری 2017
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزسے منسلک رچرڈز کو پاکستان سے اچھی یادیں وابستہ ہیں—فوٹو: پی ایس ایل
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزسے منسلک رچرڈز کو پاکستان سے اچھی یادیں وابستہ ہیں—فوٹو: پی ایس ایل

ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر اور کوئٹہ گلیڈی ایڈیٹرسے منسلک سر ویوین رچرڈز کا کہنا ہے کہ انتظامات کو دیکھتے ہوئے انھیں پاکستان آنے میں کوئی مسئلہ نہیں اور ٹیم کی فائنل تک رسائی خوش کن ہوگی۔

کرکٹ ویب سائٹ پاک پیش کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ویوین رچرڈز نے کہا کہ میں ماضی میں پاکستان کے دورے میں مختلف شہروں میں جاتا رہا ہوں۔

ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ 'مجھے چند شہروں کے نام یاد ہیں جن میں فیصل آباد، ملتان، کراچی اور پشاور شامل ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ یاد رہے کہ ان دنوں جب روس نے افغانستان میں مداخلت کی تھی اور ہم پشاور میں کھیل رہے تھے تو سرحد کے قریب ہونے والی بمباری کی لرزش سن سکتے تھے'۔

عظیم کھلاڑی نے کہا کہ میرے لیے بڑی عزت کی بات ہے کہ عمران خان، مرحوم وسیم راجا، جاوید میانداد اور اسکواش کے کھلاڑی جہانگیر خان جیسے عظیم دوستوں کا تعلق اس ملک سے ہے اور مجھے ان کی بڑی عزت ہے'۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے شروع ہوتے ہی اسپاٹ فکسنگ کے اسکینڈل نے مداحوں میں غیر یقینی کی کیفیت پیدا کی تاہم حکام کی جانب سے فوری طورپر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کراچی میں کرانے کی پیشکش

ان کا کہنا تھا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ 'پی ایس ایل واپس اپنی ڈگر پر آگئی ہے جس طرح زندگی میں دیگر چیزیں ہوتی ہی، اونچ نیچ اور چھوٹے مسائل ہوتے ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ 'اچھی خبر یہ ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے سربراہان کی جانب سے شروع میں ہی ایسے فیصلوں کئے گئے جس نے شبہات کو دور کردیا ہے اور میں ان فیصلوں کے نتائج سے بہت خوش ہوں'۔

یہ بھی پڑھیں:'پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو یا نہیں عوام بتائیں'

لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'فائنل کو لاہور میں کروانا پاکستان کرکٹ کے لیے بہترین ہوگا اور میرا ماننا ہے کہ ٹیم درجہ بندی کے حوالے سے جیسی بھی ہو لیکن پاکستان میں بہت زیادہ باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں'۔

ویوین رچرڈز کا کہنا تھا کہ 'یہ افسوس ناک ہے کہ پاکستان اپنی کرکٹ بیرون ممالک میں کھیل رہا ہے تاہم مجھ سمیت تمام انتظامیہ کو امید ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے صرف عارضی انتظام ہوگا اور طویل انتظامی سلسلے میں ایک مرتبہ پھر کرکٹ دنیا کے اس حصے میں کھیلی جائے'۔

عظیم سابق بلے باز نے کہا کہ 'میں ان لوگوں میں سے ایک ہوں جس کو پاکستان آنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے جس طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں اور اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل میں پہنچی تو ہمارے لیے یہ زیادہ خیر مقدمی بات ہوگی، انشااللہ'۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل حکام نے ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور میں طے کیا ہے اور جس کے لیے ایک اور ڈرافٹ عمل میں لایا جائے گا جہاں کھلاڑیوں سے ان کی مرضی کے مطابق انھیں لاہور میں کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں