پیٹرسن فائنل کیلئے لاہور آئیں گے؟ واضح نہیں

اپ ڈیٹ 19 فروری 2017
پیٹرسن نے لاہور قلندرز کے خلاف 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
پیٹرسن نے لاہور قلندرز کے خلاف 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے انگلینڈ کے سابق مایہ ناز بلےباز کیون پیٹرسن کا کہنا ہے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں لاہور جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا ہے۔

شارجہ میں لاہور قلندرز کے خلاف فتح گر اننگز کھیلنے کے بعد پیٹرسن کا کہنا تھا کہ 'اب تک میں نے وہاں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ نہیں کیا، اگر میری ٹیم فائنل میں پہنچ جاتی ہے تو پھر میں فیصلہ کروں گا کہ پاکستان میں کھیلنا ہے یا نہیں'۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بہتر ٹیم گردانتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'ٹیم اچھی سطح پر ہے اور امید ہے کہ فائنل میں پہنچ جائے گی'۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ میں شامل عظیم کرکٹر ویون رچرڈز کا کہنا ہے کہ وہ انتظامات کو دیکھتے ہوئے پاکستان جانے کو تیار ہیں اور اگر ٹیم فائنل میں پہنچی تو یہ ان کے لیے خیرمقدمی بات ہوگی۔

مزید پڑھیں: ویوین رچرڈز 'فائنل کے لیے' لاہور آنے کو تیار

اپنی بیٹنگ کے حوالے سے کیون پیٹرسن کا کہنا تھا کہ 'میں بگ بیش سے واپس آیا تھا اور میں 10 سے بھی کم اسکور پر تھا جس سے مجھے کوئی مسئلہ نہیں تاہم کھیل پر بات کرنے والے کو مسئلہ ہوسکتا ہے لیکن میرے لیے رنز کوئی مسئلہ نہیں ہے'۔

پی ایس ایل کے رواں سیزن کے ابتدائی میچوں میں ناکامی سے دوچار ہونے کے بعد لاہور قلندرز کے خلاف ایک بڑے ہدف کے حصول میں پیٹرسن نے ناقابل شکست 88 رنز بنا کر ٹیم کو یادگار فتح دلا دی تھی۔

پیٹرسن نے کہا کہ 'کھیلوں کی دنیا میں آپ کے ساتھ اچھے سے زیادہ برے دنوں کا سامنا رہتا ہے اس لیے میں اپنی پوری کوشش کرتا ہوں اور دیکھیے آگے کیا ہوتا'۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لاہور قلندرز کو شکست

آئی پی ایل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پیٹرسن نے کہا کہ 'اس پی ایس ایل کے بعد میرا کھیلنا کا منصوبہ نہیں ہے کیونکہ مجھے اپنے اہل خانہ کو بھی وقت دینا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میری ایک سال کی بیٹی ہے اس لیے میرا دو مہینے کے لیے یہاں رہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے'۔

خیال رہے کہ پیٹرسن نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ رواں سال آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں