لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دونوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سابق کرکٹر سرفراز نواز کے بیانات کو اہمیت نہ دیں کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں وہ توہین عدالت کے مرتکب ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود سرفراز نواز نے بے جا تنقید کی مہم جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ الزامات عائد کر رہے ہیں جس کے سبب ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ یہ حیران کن بات ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ٹی وی چینلز سرفراز کے بیانات کو چلا رہے ہیں جو توہین عدالت کے مترادف ہے۔

سرفراز نواز کی جانب سے نجم سیٹھی پر عائد کیے گئے جھوٹے، بے بنیاد، من گھڑت اور توہین آمیز الزامات کے خلاف لاہور کی ضلعی عدالت میں ایک مقدمہ زیر التوا ہے۔

بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ قابل جج نے 19 جون 2015 کو سرفراز نواز کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں نجم سیٹھی کے خلاف جھوٹے، من گھڑت، بے بنیاد اور ہتک آمیز بیانات دینے سے روک دیا تھا لہٰذا پی سی بی چینلز اور اخبارات کو خبردار کرتا ہے کہ اس طرح کے بیانات چلانے سے گریز کریں ورنہ وہ توہین عدالت کے مرتکب ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں