کیویز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد پروٹیز کی فتح

19 فروری 2017
مین آف دی میچ کوئنٹن ڈی کوک نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
مین آف دی میچ کوئنٹن ڈی کوک نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

ہملٹن: جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں چار وکٹ سے شکست دے کر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ہملٹن میں تین روز سے جاری بارش کے سبب میچ تین گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 34اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جلد ہی ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے لیکن کین ولیمسن اور ڈین براؤن لی نے 50 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 69 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 13 رنز کے اضافے سے تین وکٹوں سے محروم ہو گئی جس کے سبب درمیانی اوورز میں کیویز تیز رفتاری سے رنز اسکور نہ کر سکے۔

کین ولیمسن 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیمز نیشام اور مچل سینٹنر کی اننگز 29 اور 17 رنز پر تمام ہوئیں اور 30 اوورز کے اختتام پر میزبان نے صرف 156 رنز بنائے تھے۔

کولن ڈی گرینڈ ہوم اور ٹم ساؤدھی نے آٹھویں وکٹ کیلئے صرف 23 گیندوں پر 51 رنز جوڑے جس میں آخری اوور میں بنائے گئے 25 رنز بھی شامل تھے۔

نیوزی لینڈ نے سات وکٹ کے نقصان پر 207 رنز بنائے، ساؤدھی نے 24 اور گرینڈ ہوم نے 34 رنز بنائے۔

کرس مورس نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں لیں لیکن آخری دو اوورز میں انہیں 38 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔

جواب میں جنوبی افریقی اوپنرز ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے اپنی ٹیم کو 88 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن آملا کی مزاحمت 35 رنز پر کین ولیمسن کے ہاتھوں تمام ہوئی۔

عمدہ آغاز کے باوجود 126 رن تک پہنچتے پہنچتے آدھی جنوبی افریقی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، ڈی کوک 69، فاف ڈیو پلیسی 14، جین پال ڈومینی ایک اور فرحان بہارڈین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

تاہم اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان نیوزی لینڈ اور فتح کے بیچ کھڑے ہو گئے اور کرس مورس کے ساتھ اسکور کو 156 تک پہنچا دیا۔

مورس کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کی فتح مشکل نظر آتی تھی لیکن ایندائل فلکوایو نے کپتان کے ساتھ عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گیند قبل فتح دلا دی۔

ڈی ویلیئرز 37 اور فلکوایو 29 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور یوں جنوبی افریقہ نے چار وکٹ سے فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ڈی کوک کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں