پاکستان آرڈیننس فیکٹری امارات میں دفتر کھولنے کیلئے تیار

19 فروری 2017
پی او ایف اپنی فروخت کو صرف متحدہ عرب امارات میں سو فی صد تک بڑھانے  کی منصوبہ بندی کررہی ہے—فوٹوبشکریہ خلیج ٹائمز
پی او ایف اپنی فروخت کو صرف متحدہ عرب امارات میں سو فی صد تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے—فوٹوبشکریہ خلیج ٹائمز

پاکستان کا سب سے بڑا اسلحہ ساز ادارہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) مشرق وسطیٰ میں دفاعی اور فوجی ضروریات کی فراہمی کے لیے متحدہ عرب امارات میں اپنا دفتر کھولے گا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پی او ایف متحدہ عرب امارات میں اپنی فروخت کو 100 فیصد تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

ابوظہبی میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش اور کانفرنس کے دوران پی او ایف کے چیئرمین سابق لیفٹننٹ جنرل عمر محمد حیات نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ 'متحدہ عرب امارات ہمارے لیے ایک اہم ملک ہے'۔

پاکستانی دفاعی مصنوعات کی برآمد پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'بدقسمتی سے پاک امارات مضبوط تعلقات کی جھلک ہماری (اسلحہ اور بارود کی) برآمدات میں نظر نہیں آتی اور گزشتہ تین سالوں کےدوران متحدہ عرب امارات کو ہماری برآمدات صرف 50 لاکھ سے ایک کروڈ ڈالر کے درمیان رہی'۔

انھوں نے کہا کہ 'ہم متحدہ عرب امارات میں سیلز اور مارکیٹنگ کا ایک دفتر کھولنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں جو صرف اس ملک کا ہی نہیں بلکہ پورے خطے کا احاطہ کرے گا'۔

عمرحیات کا کہنا تھا کہ 'متحدہ عرب امارات، مشرق وسطیٰ کا تجارتی مرکز بن چکا ہے اس لیے یہاں پر ایک سال کے اندر اپنے دفتر کی بنیاد رکھنے کا بہتر موقع ہے'۔

خیال رہے کہ پی او ایف نے گزشتہ سال صرف سعودی عرب کے لیے ایک ارب ڈالر کی برآمدات کی تھیں، مارکیٹ کے ماہرین کی رپورٹ کے مطابق 2020 تک چھوٹے اسلحے کی مارکیٹ 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرے گی۔

پی او ایف کے چیئرمین نے کہا کہ ہم اپنے مرکزی برآمدات کے اہداف کے تحت بہتر ٹیکنالوجی کے ساتھ غیرملکی مارکیٹ میں فروخت کو بڑھانے پر دل جمعی سے توجہ مرکوز کررہے ہیں۔


تبصرے (0) بند ہیں