پاکستان ٹیلی ویژن میں 90 کی دہائی میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ڈرامے الفا براؤ چارلی کے کردار گل شیر خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات پوری دنیا میں ہوتے ہیں اور کوئی مقابلہ منسوخ نہیں ہوتا اس لیے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا چاہیے۔

گل شیر کے کردار سے شہرت پانے والے قاسم خان کا کہنا تھا کہ 'جرائم اور دہشت گردی کے واقعات امریکا، یورپ اور دنیا کے دیگر حصوں میں پیش آتے ہیں لیکن پاکستان کو کیوں کھیلوں کے لیے غیرمحفوظ ملک قرار دیا گیا ہے'۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں میچ دیکھنے کے لیے موجود قاسم خان کا کہنا تھا کہ 'ان ممالک نے بھی دہشت گردی کے واقعات کے بعد کھیلوں کے ٹورنامنٹ کی میزبانی کی ہے اس لیے پاکستان کو بھی اس طرح کے ٹورنامنٹ کروانے چاہیں'۔

مزید پڑھیں: پیٹرسن فائنل کیلئے لاہور آئیں گے؟ واضح نہیں

پی ایس ایل حکام ملک میں کرکٹ کی واپسی کے لیے راستہ ہموار کرنے کی خاطر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کی تگ وودو کررہے ہیں تاہم حال ہی میں لاہور میں ہونے والے دھماکے کے بعد ایک مرتبہ پھر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

قاسم خان نے کہا کہ 'میری خواہش ہے کہ میچز پاکستان میں ہوں جو تمام سرگرمیوں اور کھیلوں کے انعقاد کے لیے ایک بہترین جگہ ہے کیونکہ ہم نے کئی بڑے ایونٹس کو معمول کے مطابق ہوتے دیکھا ہے اور پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے یہ صرف ایک تصور ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی کے باوجود کلارک پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے حامی

پاکستان میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے نہ ہونے کوسازش سے تعبیر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ہمارے دشمن کی سازش ہے جو نہیں چاہتا ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں اس طرح کے بڑے اور کامیاب ٹورنامنٹس اور تجارتی سرگرمیاں ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس طرح کی سرگرمیاں لوگوں میں خوشیاں لاتی ہیں اور دشمن، پاکستان کے لوگوں سے زندگی چھیننے کی کوشش کررہا ہے'۔

مزید پڑھیں:ویوین رچرڈز 'فائنل کے لیے' لاہور آنے کو تیار

قاسم خان کا پی ایس ایل حکام کو یہی مشورہ ہے کہ 'فائنل کو طے شدہ منصوبے کے تحت کرنے کی کوششوں کو جاری رکھیں اور ہمارے پاس ایک بڑا ایونٹ ہوگا'۔

پی ایس ایل حکام لاہور میں فائنل کے لیے رواں ماہ ایک اور ڈرافٹ کا اہتمام کریں گے جہاں کھلاڑیوں کو پاکستان میں کھیلنے کے لیے ان سے تصدیق کی جائے گی جبکہ انکار کرنے والے کھلاڑیوں کی جگہ دوسروں کو دی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں