کراچی کنگز کی پشاورزلمی کو 9رنز سے شکست

اپ ڈیٹ 20 فروری 2017
آفریدی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
آفریدی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیرھویں میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے پشاورزلمی کو 9 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز نے پشاورزلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 174 رنز بنا کر مشکل ہدف دے دیا اور اس کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 32 رنز پر گری جب کامران اکمل 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سہیل خان نے ابتدائی دو وکٹیں حاصل کرکے کنگز کو اہم کامیابی دلا دی۔

تمیم اقبال 16 اور ٹیم میں واپس آنے والے افتخار احمد ایک رن بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، آئن مورگن نے 13 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

صہیب مقصود اور شکیب الحسن نے پشاورزلمی کی نصف سنچری مکمل کی اور 58 کے اسکور پر صہیب مقصود 5 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شکیب الحسن بھی جلد ہی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے انھوں نے 18 رنز بنائے تھے۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عامر سمیت دیگر باؤلرز کو چکھے بھی مارے اور سیمی کی شراکت میں ٹیم کے 100 رنز پورے کرلیے۔

سیمی اور آفریدی کے درمیان 70 رنز کی قیمتی شراکت ہوئی اور 139رنز پر سیمی 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تو پشاور کو جیت کے لیے 36 رنز درکار تھے۔

وہاب ریاض دو رنز کا اضافہ کرکے 146 کے اسکور پر عثمان خان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

شاہد آفریدی آخری اوور میں درکا 18 رنز کے حصول میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے میچ کو انتہائی سنسنی خیز بنانے کے بعد ایک اونچا شاٹ کھیل کر گیل کا کیچ بن گئے اور یوں ان کی 54 رنز کی اننگز کا خاتمہ ہوا جس کے بعد ٹیم کوبھی شکست ہوئی۔

آفریدی نے 54 رنز کی اننگز میں 3 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔

کراچی کنگز کے اسامہ میر نے شاہد آفریدی کے بعد 10 رنز بنانے والے حسن علی کوآؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو 9 رنز سے کامیابی دلا دی جو ان کی لیگ میں دوسری کامیابی ہے۔

پشاورزلمی کی پوری ٹیم مقررہ اوورز کے اختتام سے ایک گیند قبل 165 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے سہیل خان اور عثمان خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں شارجہ میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے تیرھویں میچ میں پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے اب تک کھیلے گئے میچوں میں ناکام رہنے والے مشہور کھلاڑی کرس گیل کی تنزلی کرتے ہوئے بابر اعظم اور کمار سنگاکارا سے اننگز کا آغاز کروایا۔

بابر اعظم اور سنگاکارا نے پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری چھٹے اوور میں مکمل کی لیکن بابراعظم 4 رنز کے فرق سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 72 کے اسکور پر شکیب الحسن کو وکٹ دے بیٹھے۔

کمارسنگاکارا بھی جلد ہی 75 کے مجموعے پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد رنز بنانے کی رفتار میں کمی ہوئی جبکہ کرس گیل پھر ناکام ہوئے اور 90 کےمجموعی اسکور میں صرف 11 رنز کا اضافہ کرپائے۔

پشاورزلمی کے افتخار احمد نے سنگاکارا اور کرس گیل کی وکٹیں حاصل کیں، انگلش کپتان آئن مورگن نے باؤنڈری پر کرس گیل کا عمدہ کیچ تھام لیا۔

روی بوپارہ نے ابتدا میں سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا بعد ازاں جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس وقت کراچی کا اسکور 134 رنز تھا۔

شعیب ملک نے کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا اور آخری گیند پر چوکا رسید کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز کے اختتام پر 4 وکٹیں کھو کر 174رنز بنائے تھے۔

شعیب ملک 51 اور کیرون پولارڈ 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز نے میچ میں ایک تبدیلی کی اور گزشتہ میچ میں آرام حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر سہیل خان کو دوبارہ شامل کیا گیاتھا۔

دوسری جانب پشاورزلمی نے مسلسل ناکام رہنے والے تجربہ کار بلےباز محمد حفیظ کی جگہ افتخار احمد کو ترجیح دی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، تمیم اقبال، افتخار احمد، کامران اکمل، آئن مورگن، شکیب الحسن، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، عمران خان جونیئر، حسن علی

کراچی کنگز: کمار سنگاکارا(کپتان)، کرس گیل، بابر اعظم، کیرون پولارڈ، شعیب ملک، روی بوپارہ، عماد وسیم، سہیل خان، محمد عامر، عثمان خان، اسامہ میر

تبصرے (0) بند ہیں