نوکیا کا نیا اسمارٹ فون کن فیچرز سے لیس ہوگا؟

19 فروری 2017
نوکیا پی ون کی لیک تصویر — اسکرین شاٹ
نوکیا پی ون کی لیک تصویر — اسکرین شاٹ

نوکیا کی جانب سے کئی برس بعد دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے پہلے اسمارٹ فون پی 1 کے سامنے آنے میں ایک ہفتہ رہ گیا ہے (ویسے تو نوکیا سکس نامی اسمارٹ فون بھی اس کمپنی نے پیش کیا مگر وہ صرف چین کے لیے تھا)۔

فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی کمپنی کو توقع پے کہ جس طرح نوکیا سکس چین میں چند منٹوں میں فروخت ہوگیا، پی ون بھی اسی طرح کامیاب ثابت ہوگا۔

اب تک اس فون کے بارے میں جو کچھ سامنے آچکا ہے وہ درج ذیل ہے۔

موبائل ورلڈ کانگریس میں متعارف ہوگا

نوکیا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ڈی ایم گلوبل نے تصدیق کی ہے کہ بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر اس کی جانب سے پریس کانفرنس کی جائے گی، جہاں متوقع طور پر نوکیا پی ون کو چند دیگر ڈیوائسز کے ساتھ متعارف کرایا جائے۔

2 سائز میں ہوسکتا ہے

نوکیا پی ون ممکنہ طور پر 2 سائز میں ہوسکتا ہے یعنی ایک 5.2 انچ اور دوسرا 5.5 انچ، یہ دونوں ورژن 2560x1440 کیو ایچ ڈی ریزولوشن رکھتے ہوں گے اور ان میں ڈسپلے کے لیے گلیکسی ایس سیون جیسی امولیڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔

ڈیزائن

اب نوکیا پہلے کی طرح کے رنگا رنگ پلاسٹک کے ڈیزائن والے فونز کو متعارف کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی بلکہ ایپل کے آئی فون سے متاثر ہے، لیکس سے عندیہ ملتا ہے کہ نوکیا پی ون اس کمپنی کا اب تک متعارف کرائے جانے والے سے دیدہ زیب سیٹ ہوگا جو کہ مکمل میٹل باڈی اور ایج ٹو ایج کارنرز والا ہوگا۔

طاقتور

نوکیا پی ون دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہوگا جس میں کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر کو متعارف کرایا جائے گا، کوالکوم کا دعویٰ ہے کہ یہ چپ پہلے کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ بہتر کارکردگی کی حامل ہے، جبکہ یہ پاور کا استعمال اسنیپ ڈراگون 821 کے مقابلے میں 40 فیصد کم کرتی ہے۔

گوگل ڈے ڈریم وی آر کو سپورٹ

نوکیا پی ون اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم سے لیس ہوگا جو کہ گوگل کے ڈے ڈریم وی آر پلیٹ فارم کو سپورٹ کرتا ہے، یعنی اس پر متعدد ورچوئل رئیلٹی ایپس کو ہوسٹ کیا جاسکے گا۔

بہت زیادہ اسٹوریج

بیشتر اینڈرائیڈ فون میں عام طور پر 32 جی بی اسٹوریج ہوتی ہے، مگر نوکیا پی ون میں 128 جی بی تک اسٹوریج کا فیچر ہوسکتا ہے جبکہ 256 جی بی کا ورژن بھی متعارف کرایا جائے گا، تاہم یہ واضح نہیں کہ اس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈسلاٹ ہوگی یا نہیں۔

قیمت

نوکیا ویسے تو سستے فونز تیار کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے مگر پی ون جیب پر کافی بھاری ثابت ہوگا، اب تک کی رپورٹس کے مطابق 128 جی بی ماڈل 779 ڈالرز (81 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کا ہوسکتا ہے جبکہ 256 جی بی ڈیوائس کی قیمت 900 ڈالرز کا ہندسہ چھو سکتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں