نمائندہ ڈان نیوز توقیر گھمن انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 20 فروری 2017
توقیر گھمن—۔فائل فوٹو
توقیر گھمن—۔فائل فوٹو

لاہور: ڈان نیوز ٹی وی کے لاہور بیورو کے سینئر رپورٹر توقیر گھمن اتوار (19 فروری) کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

انہوں نے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور بیٹے کو چھوڑا، توقیر گھمن کے بڑے بھائی کا بھی 6 ماہ قبل انتقال ہوا تھا۔

43 سالہ توقیر گھمن 2011 سے ڈان نیوز سے وابستہ تھے اور محنتی کارکن کی حیثیت سے جانے جاتے تھے، نرم دل، خوش مزاج اور شائستہ طبیعت کے حامل توقیر چینل کے لیے عدالتی معاملات اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی رپورٹنگ کے فرائض انجام دیتے تھے۔

ڈان نیوز کا حصہ بننے سے قبل وہ متعدد اخبارات اور ٹیلی ویژن چینلز سے وابستہ رہے اور جہاں کام کیا وہاں بہت سے دوست بنائے۔

ان کی تدفین اچھرا کے پیر غازی قبرستان میں ہوئی، اس موقع پر رشتے داروں کے علاوہ بڑی تعداد میں میڈیا نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

مرحوم کی فاتحہ اور ایصال ثواب کے لیے قل اچھرا میں ان کی رہائش گاہ 163 ای-تھری، مختار روڈ، محلہ نور، اسلام پارک میں آج (بروز پیر) دوپہر 2 بجے ہوں گے۔


یہ خبر 20 فروری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں