کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لانڈھی میں پولیس نے مسلح مقابلے کے دوران 3 مبینہ ملزمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ لانڈھی میں کارروائی کے دوران مسلح ملزمان کو مقابلے کے دوران ہلاک کیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فوری طور پر ان ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی، تاہم شناخت اور دیگر قانونی کارروائی کیلئے ان کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

خیال رہے کہ پولیس نے ابتدائی رپورٹس میں ملزمان کو دہشت گردوں کا نام دیا تھا تاہم بعد ازاں انھیں ڈکیت قرار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں ملزمان قائد آباد کے علاقے لال آباد میں شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے تاہم پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا اور انھیں مقابلے کے بعد ہلاک کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول، چھینی ہوئی موٹر سائیکل اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔

یاد رہے کہ 16 فروری 2017 کو سیہون میں لال شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد صوبے بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے، اس واقع میں 80 سے زائد افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں