’ہندوستان کا دورہ کرنے والی کمزور ترین آسٹریلین ٹیم‘

21 فروری 2017
آسٹریلیا کو 2013 میں دورہ ہندوستان کے موقع پر بھی 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کو 2013 میں دورہ ہندوستان کے موقع پر بھی 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق ہندوستانی اسپنر ہربھجن سنگھ نے آسٹریلیا کی موجودہ ٹیم کو ہندوستان کا دورہ کرنے والی کمزور ترین ٹیم قرار دیا ہے۔

حال ہی میں آسٹریلیا کی چاروں ٹیسٹ میچوں میں شکست کی پیش گوئی کرنے والے اسپنر نے ایک قدم آ گے بڑھتے ہوئے موجودہ آسٹریلین ٹیم کو ہندوستان کے دورے پر آنے والی کمزور ترین ٹیم سے تعبیر کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے ہربھجن نے کہا تھا کہ اگر آسٹریلیا اچھا کھیلا تو ہندوستان سیریز 3-0 سے جیت جائے گا بصورت دیگر وہ 4-0 سے شکست سے دوچار ہوں گے۔

آسٹریلیا کے گزشتہ تمام چھ دورہ ہندوستان میں میزبان ٹیم کی نمائندگی کرنے والے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ میں نے آسٹریلیا کی چند بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلا ہے اور میرے خیال میں یہ ہندوستان کا دورہ کرنے والی کمزور ترین ٹیم ہے اور میرا نہیں خیال کہ اس میں اتنی صلاحیت ہے کہ یہ ہندوستانی کنڈیشنز میں میزبان ٹیم کا مقابلہ کر سکے۔

’ہو سکتا ہے کہ 2013 کے سیزن کی طرح دوبارہ 4-0 سے شکست ہو‘۔

یاد رہے کہ ہربھجن سنگھ بھی عالمی منظر نامے پر اس وقت ابھر کر سامنے آئے تھے جب 2001 میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران انہوں نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے تین میچوں میں 32 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس دورے میں آسٹریلیا نے پہلے میچ میں باآسانی فتح حاصل کی تھی اور دوسرے ٹیسٹ میں بھی ہندوستانی ٹیم مشکلات سے دوچار ہو کر فالو آن کا شکار ہوئی تھی لیکن راہول ڈراوڈ اور وی وی ایس لکشمن کے درمیان ریکارڈ ساز 376 رنز کی شراکت کی بدولت میچ کا نقشہ بدلتے ہوئے میچ اور سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ہربھجن کا ماننا ہے کہ موجودہ آسٹریلین ٹیم میں 2001 جیسا دم خم نہیں اور اس کے بلے باز عالمی نمبر ایک اور دو باؤلرز روی چندرہ ایشون اور رویندرا جدیجا کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

ہربھجن سنگھ کا یہ دعویٰ درست بھی معلوم ہوتا ہے کہ کیونکہ ہوم گراؤنڈ پر گزشتہ 20 ٹیسٹ میچوں میں ہندوستانی ٹیم ناقابل شکست ہے اور حتیٰ کہ دورہ ہندوستان پر پانچ ٹیسٹ میچوں میں تین مواقعوں پر 400 سے زائد رنز بنانے والی انگلش ٹیم کو بھی سیریز میں 4-0 سے شکست ہوئی تھی۔

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات سے پونے میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں