پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اور اب میدان میں کھلاڑیوں کے درمیان ٹاکرے کے بعد شائقین کے درمیان بھی لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔

انہی میں سے ایک وہاب ریاض اور ان کی بیوی زینب ریاض ہیں جہاں فاسٹ باؤلر اپنی ٹیم پشاور زلمی کو سپورٹ کر رہے ہیں تو ان کی اہلیہ لاہور قلندرز کی حامی نظر آ رہی ہیں۔

گزشتہ رات اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کی فتح کے بعد زینب وہاب نے ٹوئٹ کیا کہ لاہور کو جیت مبارک ہو۔ اب پی ایس ایل سب کے لیے اوپن ہے۔ کوئی بھی فائنل میں جانے کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

جس پر پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے فوری طور پر میدان میں کودتے ہوئے جواب دیا کہ سب ٹیموں کو چھوڑیں، صرف پشاور زلمی کی فکر کریں۔ آپ کو کسی بھی حال میں پشاور کو ہی سپورٹ کرنا ہوگا ورنہ لاہور صرف تین گھنٹے دور ہے۔

اس پر زینب وہاب نے فوری جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور کو ہی سپورٹ کر رہی ہیں مگر آخر میں جیت تو پاکستان کی ہی ہونی ہے۔ آپ آخری دو میچز میں فتح یقینی بنائیں ورنہ آپ کو مجھ سے پہلے ہی لاہور جانا پڑے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اس وقت انتہائی دلچسپ صورتحال نظر آ رہی ہے جہاں تمام پانچوں ٹیموں کے پاس پلے آف تک رسائی کا موقع موجود ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچ میچوں میں تین فتوحات اور ایک میچ بارش کی نظر ہونے کے سبب 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

تاہم لاہور قلندرز نے ایونٹ میں زبردست انداز میں واپسی کرتے ہوئے چھ میچوں میں تین فتوحات کے بعد دوسرے نمبر پر جگہ بنا لی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ بھی چھ میچوں میں تین فتوحات کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔

حیران کن طور پر ایونٹ کیلئے فیورٹ قرار دی جانے والی سب سے مضبوط ٹیمیں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں فہرست میں سب سے نیچے ہیں۔

پشاور کی ٹیم چھ میچوں میں دو فتوحات اور ایک میچ ٹائی ہونے کے سبب پانچ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور کراچی کنگز پانچ میچوں میں دو فتوحات کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں